اژدھے نے خاتون کو نگل لیا، شوہر نے بیوی کی باقیات کی تلاش میں اژدھے کا سر اور پیٹ کاٹ دیا

بی بی سی اردو  |  Jul 05, 2024

Getty Images(فائل فوٹو)

انڈونیشیا میں 36 سالہ ایک خاتون کو اژدھے نے نگل لیا جس کے باعث ان کی موت ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق سریاتی نامی خاتون دو روز قبل اپنے بچے کے لیے دوا خریدنے گھر سے نکلیں تاہم اس کے بعد وہ لوٹ کر واپس نہ آ سکیں۔

سریاتی کے شوہر اڈیانسا کو سولاویسی صوبے میں واقع گاؤں میں اپنے گھر سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر بیوی کے جوتے اور کپڑے ملے، جس کے بعد انھوں نے فوری طور پرحکام کو آگاہ کیا۔

بی بی سی انڈونیشیا سے بات کرتے ہوئے پولیس چیف نے بتایا کہ سریاتی کے شوہر نے غیر معمولی طور پر پھولے ہوئے پیٹ والے اژدھے کو دیکھا اور اپنی بیوی کی باقیات کی تلاش کے لیے پہلے اژدھے کا سر اور پھر اس کا پیٹ کاٹ دیا۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

اس سے قبل جون کے آغاز میں سولاویسی کے ایک اور ضلع میں ایک خاتون کو پانچ میٹر لمبے اژدھے نے نگل لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے مقامی افراد کوخبردار کیا تھا کہ ایسے دیگر حادثات بھی ہو سکتے ہیں لہذا اپنے بچاؤ کے لیے ہر وقت چاقو ساتھ رکھا جائے۔

پولیس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں تنہا سفر نہ کریں۔

جنگلات کی کٹائی اور جانوروں کے حملے

ماہرین ماحولیات ایسے جان لیوا حملوں کا تعلق جنگلات کی کٹائی سے جوڑتے ہیں۔

سولاویسی انوائرمینٹل انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد الامین نے بی بی سی کو بتایا کہ اس علاقے میں کان کنی اور باغات بنانے کے لیے جنگلات کا صفایا اور زمین ہموار کرنے کا رجحان کافی حد تک بڑھ رہا ہے۔

’جنگلات کی کٹائی کے نتیجے میں جانوروں کی خوراک ختم ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے، جس کے باعث وہ خوراک کے حصول کے لیے رہائشی علاقوں میں شکار کر سکتے ہیں اور براہ راست انسانوں پر بھی حملہ آور ہو سکتے ہیں۔‘

سانپوں کی خوراک کا اہم حصہ جنگلی سؤر ہوتے ہیں تاہم ان کی تعداد میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیےامریکی شخص گھر میں 124 زہریلے سانپوں کے درمیان مردہ پایا گیامگر مچھ کے حملے میں بچ جانے والا شخص:’اس کی آنکھ کا اوپری حصہ میرے دانتوں میں آ گیا اور اس نے مجھے چھوڑ دیا‘ انسانوں کو کھانے والے سانپ کی خصوصیات

دھاری دار جِلد والے اژدھے تقریباً 10 میٹر سے زیادہ لمبے ہو سکتے ہیں اور انڈونیشیا میں لوگوں پر حملہ کر کے انھیں ہلاک کرنے والے بھی یہی طویل القامت دھاری دار اژدھے ہیں۔

10 میٹر یا 32 فٹ تک لمبے یہ سانپ انتہائی طاقتور ہوتے ہیں۔ یہ گھات لگا کر حملہ کرتے ہیں اور پھر خود کو اپنے شکار کے گرد لپیٹتے ہیں اور اسے دبانا شروع کر دیتے ہیں۔

شکار کے ہاتھ پاؤں چلانے پر وہ اسے مزید مضبوطی سے دبوچتے ہیں۔ ایسے میں لمحوں کے اندر ہی شکار کا دم گھٹ جاتا ہے یا اس کا دل کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔

جنگلی حیات کی ماہر میری روتھ لو اژدھوں پر تحقیق کرتی ہیں، جن کے مطابق بڑی جسامت کے اژدھے اپنا شکار پورا نگلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

’اژدھے اپنا شکار سالم نگل لیتے ہیں۔ ان کے جبڑے بہت لچکدار ہوتے ہیں جس کے باعث وہ بڑا منہ کھول کر اپنے شکار کے گرد گھیرا تنگ کر کے اسے اپنے اندر اتار لیتے ہیں۔‘

’جب انسانوں کو کھانے کی بات آتی ہے تو اس میں رکاوٹ کا سبب کندھوں کی ہڈی (شولڈر بلیڈز) بنتی ہے کیونکہ وہ آسانی سے ٹوٹتی نہیں۔‘

عام طور پر اژدھے چوہے اور دوسرے چھوٹے جانور کھاتے ہیں لیکن ایک بار جب وہ ایک خاص سائز تک پہنچ جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ ان کی چوہوں میں دلچسپی ختم ہو جاتی ہے کیونکہ انھیں مطلوبہ کیلوریز نہیں مل پاتیں۔

میری روتھ لو کے مطابق ’مختصر یہ کہ وہ جتنے بڑے ہوتے جاتے ہیں اتنا ہی بڑا شکار ان کی ترجیح ہوتی ہے اور اس میں سور یا گائے جیسے جانور بھی شامل ہو سکتے ہیں۔‘

انڈونیشا: اژدھے کے پیٹ سے انسانی لاش برآمدآسٹریلیا: چھپر تو پھٹا لیکن دولت کے بجائے چھ فٹ سے زائد لمبے اژدھے آن گرےوہ امریکی ریاست جہاں پائتھن اژدھوں کو مارنے کا انعام ڈالر میں دیا جاتا ہے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More