آئر لینڈ بمقابلہ امریکہ: آسمان صاف مگر ویٹ آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر

بی بی سی اردو  |  Jun 14, 2024

Getty Images

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران گروپ اے کے اہم میچ آئر لینڈ بمقابلہ امریکہ کے آغاز سے قبل امریکی شہر لوڈر ہل کا موسم موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق یہاں آسمان صاف ہے مگر ویٹ آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر ہوئی ہے۔

جمعے کو یہاں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا تاہم فی الحال سورج نکل چکا ہے اور موسم صاف ہے۔ جبکہ عملہ گراؤنڈ کو خشک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

پاکستان کے شائقین چاہیں گے کہ ان کی ٹیم کی سپر ایٹ راؤنڈ تک رسائی کے لیے یہ میچ بارش سے متاثر نہ ہو۔ آئر لینڈ کی جیت کی صورت میں پاکستان کو اس کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

گروپ اے کے تین میچز میں میزبان امریکہ کے علاوہ پاکستان، آئر لینڈ اور کینیڈا تینوں ٹیموں کے پاس یہ موقع تھا کہ وہ انڈیا کے ہمراہ سپر ایٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کر سکیں۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تین گروپ سٹیج مقابلوں کی منسوخی کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔ بہت کم امکان ہے کہ منتظمین ان میچوں کو کہیں اور منتقل کریں۔

Getty Images

امریکہ کے خلاف انڈیا کی فتح کے بعد ٹورنامنٹ کے نیو یارک میں میچز اختتام پذیر ہوگئے اور اس گروپ کے بقیہ تین میچز فلوریڈا کے شہر لوڈر ہِل کے سینٹرل بروورڈ پارک میں ہونا تھے۔

تاہم فلوریڈا کو طوفانی بارشوں کا سامنا ہے اور اس ریاست میں گذشتہ دنوں کے دوران ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔ وہاں مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

امریکی نیشنل ویدر سروس نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعے کی صبح لوڈر ہِل میں غیر معمولی بارشوں کا امکان ہے۔ اسی روز امریکہ کا آئر لینڈ سے مقابلہ ہے جس کے گروپ سٹیج میں پوائنٹس ٹیبل پر اثرات ہوسکتے ہیں۔

جمعرات کو سینٹر بروورڈ پارک کے گراؤنڈ سٹاف نے کوورز ہٹا دیے تھے تاکہ گراؤنڈ کو خشک کیا جاسکے تاہم میچ سے قبل آئر لینڈ اور امریکہ دونوں ٹیمیں باہر ٹریننگ نہیں کر سکیں۔

Getty Images

25 ہزار شائقین کی گنجائش والے اس سٹیڈیم کا افتتاح 2007 میں ہوا تھا۔ اس میں پانی کی نکاسی کا اچھا نظام موجود ہے اور منتظمین کو امید ہے کہ اگر موسم نے اجازت دی تو تمام میچز ممکن ہوسکیں گے۔

11 جون کو یہاں بارش ہی کی وجہ سے سری لنکا اور نیپال کے درمیان میچ منسوخ ہوا تھا۔

خیال ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بقیہ میچز کو قلیل مدت میں کہیں اور منتقل کرنے کے بہت کم امکانات ہیں۔

Getty Imagesپوائنٹس ٹیبل پر بارش کے کیا اثرات ہوسکتے ہیں؟ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ڈراپ کیچ جس کے باعث پاکستان کے اگلے راؤنڈ تک رسائی کے امکانات اب بھی برقرار ہیںنیویارک کی ’جادوگر‘ پچ متنازع کیسے بنی اور یہ بیٹرز کے لیے خطرناک کیوں ہو سکتی ہے؟پاکستان کی بالآخر ورلڈ کپ میں پہلی جیت: ’پاکستانی ٹیم نے ہمیں ہر ملک کو سنجیدہ لینے کی عادت ڈال دی ہے‘

امریکہ کے سپر ایٹ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے کے اچھے امکانات ہیں کیونکہ اس نے تین میں سے دو میچز جیتے ہیں۔

اگر وہ جمعے کو آئرلینڈ کے خلاف جیت جاتے ہیں تو گروپ کے باقی دونوں میچز بے معنی ہوجائیں گے۔ یعنی اس بات سے فرق نہیں پڑے گا کہ پاکستان آئر لینڈ کے خلاف اپنا میچ جیت جائے۔

اگر جمعے کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوجاتا ہے تو امریکہ کے پانچ پوائنٹ ہوجائیں گے اور وہ سپر ایٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کر جائے گا۔ باقی تینوں ٹیموں (پاکستان، کینیڈا اور آئر لینڈ) کے پوائنٹس ان سے کم رہیں گے جس کی بدولت وہ سپر ایٹ راؤنڈ تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

اگر آئرلینڈ کو امریکہ کے خلاف فتح حاصل ہوتی ہے تو پاکستان اور کینیڈا میں سے ایک ٹیم نیٹ رن ریٹ کے اعتبار سے اوپر آ سکتی ہیں۔

کینیڈا اور انڈیا کا میچ سنیچر کو جبکہ اتوار کو پاکستان بمقابلہ آئر لینڈ ہوگا۔

Getty Imagesافغانستان کی سپر ایٹ تک رسائی، نیوزی لینڈ 2014 کے بعد پہلی بار باہر

افغانستان نے پاپوا نیو گنی کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

کپتان راشد خان کی ٹیم نے پاپوا نیو گنی کو 95 رنز پر آل آؤٹ کر دیا جس کے بعد گلبدین نائب نے 49 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی۔ اس سے قبل فضل حق فاروقی نے تین جبکہ نوین الحق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی اس فتح کا مطلب یہ ہے کہ گروپ سٹیج میں ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے۔ یہ وہ ٹیم تھی جس نے گذشتہ تین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس کے سیمی فائنل کھیلے جبکہ انھیں 2021 کے فائنل میں شکست ہوگئی تھی۔

کین ولیمسن کی ٹیم کو افغانستان کے خلاف پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا دوسرا میچ بھی ہار گئے تھے۔ 2014 کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ اس ایونٹ کی چار بہترین ٹیموں میں شامل نہیں ہے۔

اپنی کامیابی پر افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ’اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنا بہترین ہے۔ لڑکوں نے پہلے میچ سے ہی بھرپور کوششیں کی ہے، ہم نے جلد کنڈیشنز کے مطابق ایڈجسٹ کیا۔ مجھے یہ بہت اچھا لگا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’فضل حق جیسے بولر پہلی گیند سے ہی جارحانہ کھیلتے ہیں جس سے ہمارا بولنگ یونٹ مضبوط ہوتا ہے۔

اگر آپ جلد وکٹیں حاصل کر لیں تو مڈل اوورز میں مدد ملتی ہے۔ اگر بلی باز آپ پر اٹیک کرے تو آپ کو بھی اٹیک کرنا چاہیے۔‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ڈراپ کیچ جس کے باعث پاکستان کے اگلے راؤنڈ تک رسائی کے امکانات اب بھی برقرار ہیںنیویارک کی ’جادوگر‘ پچ متنازع کیسے بنی اور یہ بیٹرز کے لیے خطرناک کیوں ہو سکتی ہے؟پاکستان کی بالآخر ورلڈ کپ میں پہلی جیت: ’پاکستانی ٹیم نے ہمیں ہر ملک کو سنجیدہ لینے کی عادت ڈال دی ہے‘’جیتا ہوا میچ کیسے ہارا جاتا ہے، یہ کوئی پاکستان سے سیکھے‘: انڈیا کے خلاف شکست پر پاکستانی شائقین ٹیم پر برہم
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More