اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن(اکائو) کی کوآرڈینیٹڈ ویلیڈیشن مشن(آئی سی وی ایم) کی ٹیم نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا دورہ مکمل کر لیا، اکائو کی ٹیم کا یہ دورہ 5 سے 12 جون تک جاری رہا۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ آڈٹ کے دوران چار ممبران نے ذاتی طور پر جبکہ دو ممبران نے آن لائن شرکت کی۔ اکائو۔ کی آئی سی وی ایم ٹیم نے دسمبر 2021 میں ہونے والے اکائو کے دورہ کے بعد کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری ایوی ایشن/ڈی جی سی اے اے سیف انجم اور ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار مشن کے دوران دستیاب رہے۔ تمام ریگولیٹری ڈائریکٹوریٹس نے مشن کے سوالات کو پورا کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔آئی سی وی ایم ٹیم کے دورہ کے دوران تمام ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ 12 جون کو آئی سی وی ایم ٹیم نے ڈی جی سی اے اے، ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری اور تمام ڈائریکٹرز کے ساتھ اختتامی اجلاس میں شرکت کی ۔ مشن نے اختتامی اجلاس کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام سے ابتدائی رپورٹ شیئر کی۔ آئی سی وی ایم ٹیم نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ بعد میں مناسب وقت پر پیش کی جائے گی۔ اکائو سے تفصیلی رپورٹ کی وصولی تک پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ابتدائی نتائج کو شائع نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ترجمان نے کہا کہ آئی سی وی ایم مشن میں بہترین کارکردگی گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان سول اوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کی انتھک کوششوں کی باعث ممکن ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے موثر نفاذ کے لئے کیے گئے اقدامات کی وجہ سے کارکردگی میں عالمی اوسط سے نمایاں اضافہ متوقع ہے۔