عام انتخابات: ممبئی والے ووٹ ڈالنے نکلیں تو ماضی کے دھماکوں کو یاد رکھیں، مودی

اردو نیوز  |  May 18, 2024

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ممبئی کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ پچھلے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے پیر کو ووٹ ڈالنے کے لیے نکلیں۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریلی سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ ’ممبئی والے جب ووٹ ڈالنے کے لیے نکلیں تو یاد رکھیں کہ ماضی میں کس طرح یہاں دہشت گرد حملے اور دھماکے ہوتے تھے اور 2014 میں کیسے صورتحال تبدیل ہوئی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ گارنٹی نہیں ہوتی تھی کہ آپ گھر سے باہر نکلے ہیں تو زندہ واپس آئیں گے۔ آج آپ کی بیٹی خوشی خوشی گھر واپس آتی ہے۔‘

’ملک کے مفاد میں آپ کا ایک ووٹ وہ سپورٹ بنے گا جس کی قوم کو ضرورت ہے۔‘

وزیراعظم مودی کا کہنا تھا کہ وہ مبئی کو اس کا حق دلانے کے لیے آئے ہیں، 2019 میں ریاست مہاراشٹرا کے عوام سے مینڈیٹ چوری ہوا تھا اور ترقی کا عمل رک گیا تھا۔

نریندر مودی نے مہارزشٹرا کے سابق وزیر اعلٰی ادھو ٹھاکرے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی دراندازوں کے خلاف ہوتی تھی وہ اب وادی کشمیر میں شہریت کے ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالف ہے۔

انہوں نے ریلی سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت آرٹیکل 370 کو واپس نہیں لا سکتی، اور ایسے فصلے لوگوں کے ووٹ کی طاقت کی بنیاد پر ممکن ہوئے ہیں۔

نریندر مودی نے ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’ممبئی صرف خواب نہیں دیکھتا بلکہ انہیں حقیقت بناتا ہے۔ ممبئی نے کبھی انہیں مایوس نہیں کیا جو کامیاب ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

’خوابوں کے اس شہر میں 2047 کے خواب کے ساتھ آیا ہوں۔ یہ قوم کے لیے خواب ہے، وسکت بھارت بنانے کا عہد جو ہم سب کو کرنا چاہیے اور اس میں ممبئی کا بڑا کردار ہے۔‘

انڈیا میں سات مرحلوں پر مشتمل عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ 19 اپریل کو شروع ہوا تھا۔

انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں 73 سالہ نریندر مودی آزادی کے رہنما جواہر لعل نہرو کے بعد مسلسل تیسری بار جیتنے والے دوسرے وزیراعظم ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More