’مارک اڈئیر اپنے بلے بازوں سے ہار گئے‘

بی بی سی اردو  |  May 15, 2024

انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے یہ کس قدر اچنبھے کی بات ہے کہ اس آئرش بولر نے اپنے چھ سالہ انٹرنیشنل کرئیر میں بگ تھری ٹیموں کے خلاف صرف چھ میچ کھیلے ہیں اور یہاں وہ خود سے رینکنگ میں دس قدم آگے کی ٹیم کے بہترین ٹاپ تھری کو خاموش کروائے کھڑا ہے۔

مارک اڈئیر صائم ایوب، بابر اعظم اور محمد رضوان کے خلاف بولنگ کر رہے تھے، یہ ٹی ٹوئنٹی اننگز کا پاور پلے تھا اور اڈئیر کے اعدادوشمار ٹیسٹ کرکٹ سے تھے، دو اوورز، سات رنز، ایک وکٹ۔ ان کے مکمل کوٹہ کے اعداد یہاں ایک تاریخی آئرش فتح کے مستحق تھے مگر آئرش بیٹنگ اس سے پہلے ہی شاہین آفریدی کی نذر ہو چکی تھی۔

اگرچہ باقی میچ، آئرش بولنگ کے ان دو اوورز سے خاصا مختلف رہا مگر اڈئیر کے اس مختصر سپیل نے یہ واضح کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بڑی ٹیموں کو ان ’چھوٹی‘ ٹیموں سے کھیلنا کیوں ضروری ہے اور اگر اس طرح کے مواقع تواتر سے ملتے رہیں تو گلوبل کرکٹ کی مسابقت میں کیسا توازن برپا ہو سکتا ہے۔

بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد رضوان وہ بلے باز ہیں جو اڈئیر کے اس سپیل سے پیشتر بے تحاشا مسابقتی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ اس ٹاپ تھری میں دو بلے باز ایسے ہیں جو ابھی سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کامیاب ترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔

مقابل یہاں آئرلینڈ کی وہ ٹیم ہے جسے پاکستان جیسے حریف کے خلاف کھیلنا برسوں میں ایک بار نصیب ہوتا ہے، جسے اس طرح کی مسابقتی کرکٹ میں ایسے پختہ بلے بازوں سے نمٹنے کا کوئی تجربہ نہیں مگر اس ٹیم کا ایک بولر اس پائے کے بلے بازوں کو بولنے نہیں دے رہا۔

مارک اڈئیر کا مقدمہ تو مکمل نہ ہو پایا مگر کچھ اسی طرح کی پرفارمنس جو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آئرش بولنگ نے دکھائی تھی، اس کی بدولت ان کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ نے یوں کروٹ لی کہ پاکستان کرکٹ کے روحِ رواں اس وقت آئرلینڈ کے دورے پر ہیں اور آئرش کرکٹ حکام سے مثبت ملاقاتوں کے بعد محسن نقوی آئرلینڈ کے دورۂ پاکستان کی خبر دے چکے ہیں۔

محسن نقوی کے لیے یہ پرواز پکڑنا یوں بھی ضروری تھا کہ جو انٹرنیشنل سیریز یکسر عدم توجہی کا شکار تھی، وہ پہلے ہی میچ سے ایسی شہ سرخیوں میں ابھری کہ کرکٹرز کی کاکول ٹریننگ پر رچتی چہ میگوئیاں باقاعدہ شور کا روپ دھارنے لگیں۔

لیکن مثبت یہ پہلو رہا کہ سیریز بالآخر پاکستان کے نام ہوئی اور اسی دوران بابر اعظم کو اپنی حتمی الیون طے کرنے کے کچھ مزید مواقع میسر آ گئے۔ تجربات کے یہ مواقع اب اپنے آخری راؤنڈ میں داخل ہو رہے ہیں جہاں آئندہ ہفتے یہ ٹیم انگلینڈ کے خلاف نبرد آزما ہو گی۔

سابق کرکٹر کا ’چیلنج‘ اور بابر اعظم کے ایک اوور میں چار چھکے’آئرش کرکٹ کی خوش نصیبیاں اور ہم‘

محمد رضوان نے حالیہ کارکردگی سے اس حتمی الیون میں اپنی حیثیت واضح کرنے کی کوشش کی ہے جو ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندہ ہو گی۔ مگر آئرش بولنگ کی اچھی کوالٹی کے باوجود، یہ رنز فیصلہ سازی میں وہ حیثیت نہیں لے پائیں گے جو ایک تگڑی انگلش بولنگ کے خلاف رنز کی ہو گی۔

حتمی الیون طے کرنے میں، پاکستان کو ایک دقت یہ بھی آڑے آ رہی ہے کہ ورلڈ کپ کی پچز ان کنڈیشنز سے خاصی مختلف ہوں گی جن میں یہ سیریز کھیلی گئی۔ اور یہ فیصلہ کرنا ابھی قبل از وقت ہے کہ امریکہ کی ڈراپ ان پچز پر چار پیسرز ضروری ہوں گے یا سپن زیادہ موثر رہے گی۔

مگر انگلینڈ کے خلاف سیریز وہ اختتامی مرحلہ ہے جہاں بالآخر پاکستان اپنے بیٹنگ یونٹ کو حتمی شکل دینا چاہے گا۔

پاکستان کے لیے تو یہ سیریز اپنی جیت کے باوجود یادگار نہیں رہے گی مگر آئرش کرکٹ کے لیے یہ بہت خوب رہی کہ اپنے اولین انتخاب کے کئی کھلاڑیوں کے بغیر ہی آئرش ٹیم نے وہ پرفارمنس دی کہ اپنے شائقین کے دلوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دورے کا موقع بھی جیت لیا۔

سابق کرکٹر کا ’چیلنج‘ اور بابر اعظم کے ایک اوور میں چار چھکے’ہیوم نے تاریخ کو خالی لوٹا دیا‘’آئرش کرکٹ کی خوش نصیبیاں اور ہم‘ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی بلے بازوں کا آئرش امتحان
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More