اذلان شاہ کپ فائنل میں پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں جاپان سے شکست: ’یہ ہاکی کی بحالی کی طرف پہلا قدم ہے‘

بی بی سی اردو  |  May 11, 2024

آخر کے دو منٹ تھے اور میچ دو، دو گول سے برابر تھا۔ مگر پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی انرجی بے مثال تھی۔ وہ کسی طریقے سے جاپان کا مضبوط دفاع توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔

جب قریب ایک منٹ رہ گیا تو پاکستان کو پینلٹی کارنر ملا مگر یہ موقع بھی ضائع گیا۔ اس مقابلے میں آخری سیکنڈ تک پاکستان اور جاپان برابر رہے۔ بات پینلٹی شوٹ آؤٹ تک جا پہنچی۔

دونوں ٹیموں میں اس قدر کڑا مقابلہ رہا کہ پاکستان کے پاس گیند (پوزیشن) 54 فیصد جبکہ جاپان کی 46 فیصد رہی۔ جاپانی گول کیپر کیتاگوا تاکومی کئی بار پاکستانی کھلاڑیوں کی بہترین شاٹس روکتے رہے۔

یہی صورتحال پینلٹی شوٹ آؤٹ میں بھی نظر آئی۔ جاپانی گول کیپر کیتاگواتاکومی کی مہارت کے آگے پاکستان ابتدائی طور پر تینوں پینلٹیاں سکور کرنے میں ناکام رہا۔ جبکہ جاپان نے ایک کے مقابلے چار پینلٹیاں سکور کیں اور اذلان شاہ کپ اپنے نام کر لیا۔

میچ کے بعد پاکستانی کپتان عماد بٹ نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے سیکھنے کا موقع تھا۔ ہمیں شوٹ آؤٹ پر مزید محنت کرنی ہو گی۔ ہم نے کوچ کی طرف سے مقرر کردہ اہداف حاصل کیے۔ ہم نے کارکردگی میں بہتری دکھائی ہے اور اس سے نیشنز کپ کے لیے ہماری تیاری کو فائدہ پہنچے گا۔‘

نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے کوچ روئیلنٹ اولٹمنز نے کہا کہ ’ہمیں یہ میچ جیتنا چاہیے تھا۔ یہ شوٹ آؤٹ بہت سے کھلاڑیوں، جیسے ہمارے گول کیپر، کے لیے پہلا تجربہ تھا۔‘

میچ میں کڑا مقابلہ

پہلے کوارٹر میں 12ویں منٹ پر جاپان کے سیرین تناکا نے گول کیا جس کے بعد جاپان کو ایک گول کی برتری حاصل رہی۔

مگر پھر تیسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کر کے ایک اچھا کم بیک کیا۔

34ویں منٹ پر احمد اعجاز نے گول کیا اور مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ 37ویں منٹ پر عبدالرحمان نے گول کیا اور پاکستان کو دو، ایک سے برتری حاصل ہو گئی۔

چوتھے کوارٹر کے دوران 47ویں منٹ پر جاپان کے متسوموتو کازوماسا نے جاپان کی طرف سے دوسرا گول کر کے مقابلہ کو پھر برابر کر دیا۔

پاکستان نے آخری بار اذلان شاہ کپ 2003 میں جیتا تھا جب اس نے فائنل میں جرمنی کو شکست دی تھی۔ پاکستان کو 2011 کے اذلان شاہ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف تین، دو سے شکست ہوئی تھی۔

2022 میں پاکستان نے اذلان شاہ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

جب طارق عزیز نے ایئرمارشل نور خان کا مشورہ ٹالا اور پاکستان کو اولمپک چیمپیئن بنوایااولمپیئن سمیع اللہ کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری’ہاکی کی بحالی کا پہلا قدم‘

عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ پاکستان میں قومی کھیل ہاکی سے زیادہ کرکٹ کو فالو کیا جاتا ہے۔ تاہم اگر سوشل میڈیا پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اذلان شاہ کپ کا فائنل پاکستان میں بڑے شوق سے دیکھا گیا۔

اسامہ ظفر نے اسی لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کی شکست پر بھی انھیں مبارکباد پیش کی اور طنزیہ کہا کہ ’آپ کا قصور نہیں۔ یہ بدقسمت لوگ آج ہاکی دیکھ رہے ہیں۔‘

سویرا پاشا کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم کو اپنی کارکردگی پر فخر کرنا چاہیے۔ ادھر وحید خان کہتے ہیں کہ تیسرے کوارٹر سے پاکستانی ٹیم کی انرجی اور صلاحیت نے انھیں حیران کیا۔ ’تصور کریں اگر اس ٹیم کے پاس بہتر عملہ، ٹریننگ کی سہولت اور مالی مدد ہو۔‘

شاہد ہاشمی نے اس شکست کو مثبت انداز میں دیکھا ہے: ’اذلان شاہ کپ میں سِلور میڈل پاکستان میں ہاکی کی بحالی کا پہلا قدم ہو سکتا ہے۔‘

ساتھ میں انھوں نے یہ بھی لکھا کہ اس ٹورنامنٹ میں دنیائے ہاکی کی نو بہترین ٹیمیں حصہ نہیں لے رہی تھیں۔

قادر خواجہ نے ایکس پر لکھا کہ ’جن کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں جانے سے پہلے یہ نہ پتا ہو کہ انھوں نے کس فیڈریشن عہدیدار کی ماننی ہے؟ جن کھلاڑیوں کو تنخواہ اور مراعات ٹھیک طریقے سے نہ ملے؟ جو کھلاڑی رکشہ پر واپس گھر جائیں۔۔۔

’اور پھر بھی ایسی محنت اور لگن اور صرف پاکستان کا نام بڑھائیں تو ان کے لیے داد بنتی۔‘

https://twitter.com/hashmi_shahid/status/1789300345841082506

فائنل تک پاکستان ناقابل شکست رہا

30ویں اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی ہاکی ٹیم پانچ میچوں تک ناقابل شکست رہی۔ 18 رکنی سواڈ کے کپتان عماد شکیل اور نائب کپتان ابو بکر ہیں۔

جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ایک، ایک گول سے ڈرا ہوا۔ اس سے قبل پاکستان نے کینیڈا، جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے خلاف اپنے میچ جیتے جبکہ نیوزی لینڈ اور جاپان کے خلاف میچز ڈرا ہوئے۔

اس میچ میں ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کی جانب سے گول سکور نہ ہو سکا تاہم نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف کھیل کے 35 ویں منٹ میں فیلڈ گول سکور کرنے میں کامیاب رہی جو کہ پاکستان نے کھلاڑی ابوبکر کے ذریعہ پینلٹی کارنر پر کھیل کے 43 ویں منٹ میں گول سکور کرکے میچ 1-1 گول سے ڈرا کیا۔

ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا کے علاوہ پاکستان، کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

فائنل سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر جاپان 13 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست تھی جبکہ پاکستان کے پوائنٹس 11 تھے۔

پاکستان نے آخری بار جاپان کو 2022 کے اذلان شاہ کپ میں پانچ، تین سے شکست دی تھی۔ گذشتہ پانچ مقابلوں میں جاپان نے دو میچز جیتے، دو ڈرا ہوئے جبکہ پاکستان ایک مقابلہ جیتا۔

ایشین چیمپیئنز ٹرافی: مشکل وقت میں پاکستان ہاکی ٹیم کی مدد کرنے والے انڈین فزیو کون ہیں؟منظور جونیئر : ´میں کہتا بھائی سونے دو وہ کہتا میچ کی حکمت عملی بنالیتے ہیں´کیا نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹروٹرف پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے اکھاڑی گئی؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More