اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان اور جاپان کا میچ ایک ایک گول سے برابر

اردو نیوز  |  May 08, 2024

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔

اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں جاپان کی جانب سے پہلا گول ناگایوشی کین نے کیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا کوارٹر بھی مزید کسی گول کے بغیر ختم ہوا۔

پاکستان نے چوتھے کوارٹر میں میچ کے اختتامی لمحات میں 59ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر رانا وحید اشرف کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کر لیا۔

پاکستان نے اس میچ سے قبل ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں کوریا کو 0-4 سے ہرایا تھا۔

اسی طرح گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی تھی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ بدھ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں سات سات پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے ایک ایک میچ کھیلیں گی جس کے بعد پوزیشنل پلے آف مرحلہ کھیلا جائے گا۔

گروپ مرحلے میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 29ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں برونز میڈل حاصل کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More