شام میں سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ، ایران

اے پی پی  |  Apr 02, 2024

تہران ۔2اپریل (اے پی پی):ایران نے گذشتہ روز شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد اس کارروائی کاجواب دینے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی بمباری پر سنگین ردعمل ظاہر کرے۔انہوں نے شامی ہم منصب کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئےکہا کہ اسرائیلی حملہ تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور کنونشنز کی خلاف ورزی ہے۔ اس کارروائی کے نتائج کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

اس حملے پر بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ اور موثر رد عمل کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کی اس جارحیت پر ایران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بھی کہا کہ ایران دمشق میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ایران جارحیت کرنے والے کے خلاف ردعمل اور بدلے کا تعین خود کرے گا۔

واضح رہے شامی اور ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی فضائی حملے نے پیر کے روز دمشق میں ایرانی سفارت خانے سے متصل عمارت کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔ اس حملے میں کم سے کم سات ایرانی اور متعدد ایرانی اور لبنانی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔مارے جانے والوں میں ایران کی القدس فورسز کے ایک سینیر کمانڈر بھی شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More