امریکا جانے والے شہری غیرمتوقع صورتحال کا سامنا کرنے کےلیے تیار رہیں، چین

اے پی پی  |  Apr 01, 2024

بیجنگ ۔1اپریل (اے پی پی):چین نے امریکا کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر متوقع حالات کے لیے تیار رہیں۔ ٹی آرٹی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے وی چیٹ اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے سفری انتباہ میں یہ کہا گیا ہے کہ کچھ چینی طلبہ اور کمپنی کے ملازمین کو حال ہی میں امریکا کے ہوائی اڈوں پر پولیس کی طرف سے غیر قانونی پوچھ گچھ اور ہراساں کیے جانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی شہریوں کے فون، کمپیوٹر اور ان کے سامان میں موجود دیگر اشیا کی ایک ایک کر کے تلاشی لی گئی اور ان میں سے کچھ کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی اور کہا گیا ہے کہ امریکا جانے والوں کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزارت خارجہ اور واشنگٹن میں سفارت خانے اور دیگر مقامات پر قونصل خانوں نے اس معاملے پر امریکی حکام سے احتجاج کیا۔

یاد رہے کہ 29جنوری کو شائع ہونے والے ایک بیان میں واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے اطلاع دی کہ کچھ چینی طلبہ نے واشنگٹن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر ان کے ساتھ ناروا سلوک کی وجہ سے امریکا کے خلاف احتجاج کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہوائی اڈے پر طلبہ کے الیکٹرانک آلات کی جانچ پڑتال کی گئی، انہیں ان کے والدین سے رابطہ کرنے سے روکا گیا اور بعض صورتوں میں انہیں 10 گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More