ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان، شیڈول جاری

اردو نیوز  |  Mar 20, 2024

 

 ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم  تین ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچ رہی ہے۔

بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق تین ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022،25 کا حصہ ہیں، جو 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اسی طرح ون ڈے سیریز کے بعد پانچ ٹی 20 میچ بھی اسی مقام پر کھیلے جائیں گے جو 26، 28، 30 اپریل، دو اور تین مئی کو ہوں گے۔

یہ پاکستان کی آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022،25 میں آخری سیریز ہو گی۔

ایک روزہ میچ سہ پہر تین بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹی 20 میچوں کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہو گا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

یہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہو گا اس سے قبل وہ 2021 میں پاکستان آ چکی ہے۔

یہ چوتھی سیریز ہو گی جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کر رہا ہے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان کی آخری سیریز اس سال مئی میں انگلینڈ کے دورے پر ہو گی۔

ویمن ٹیم کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ’ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز صرف کرکٹ ہی نہیں کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مزید مضبوط بنانے سے متعلق بھی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More