امریکا کا بحران زدہ ہیٹی کی مدد کے لیے مزید 133 ملین ڈالر دینے کا وعدہ

اے پی پی  |  Mar 12, 2024

کنگسٹن۔12مارچ (اے پی پی):امریکا نے سیاسی و سماجی بحران سے متاثرہ ہ کیریبیئن ملک ہیٹی کی مدد کے لیے مزید 133 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتا ہوا بحران کثیر القومی فوج کی فوری تعیناتی کو ظاہر کرتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز کیریبیئن ملک جمیکا میں ہنگامی کیریبین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا آئندہ ملٹی نیشنل سکیورٹی سپورٹ مشن کے لیے مزید 100 ملین ڈالر کے علاوہ فوری طور پر 33 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کرے گا، جس سے ہیٹی کے لیے برسوں سے جاری بحران کے دوران امریکی امداد کی مالیت 333 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

ہیٹی کئی دہائیوں سے غربت، قدرتی آفات اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے دوچار ہے لیکن 2021 میں صدر جوونیل موئس کے قتل کے بعد حالات بہت زیادہ خراب ہو گئے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بڑھتا ہوا تشدد ہیٹی کے عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ سیاسی اور سکیورٹی کے حوالے سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ہیٹی کے عوام اپنے مستقبل کا خود تعین کر سکتے ہیں کوئی اور نہیں لیکن امریکا اور اس کے شراکت دار بنیادی سلامتی کی بحالی میں مدد کر سکتے ہیں ۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے عملی طور پر مذاکرات میں حصہ لیا اور اس سے قبل ہیٹی کے لیے 91 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی پیشکش کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More