اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں ایک تجارتی میلے کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے سینئر کاروباری خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن نے ٹیکنالوجی، کاروبار اور تجارت میں خواتین کو ان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور مشترکہ چیلنجوں پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا ۔اس سال خواتین کے عالمی دن کا موضوع ’ خواتین پر سرمایہ کاری کریں، ترقی کو تیز کریں’ رکھا گیا تھا۔اسلام آباد میں منعقدہ تجارتی میلے میں خواتین کاروباری شخصیات نے مصنوعی ذہانت، میڈیکل ٹیکنالوجی اور اسمارٹ ایپس میں کئے جانے والے کام کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی طالبہ عمامہ نادر، جنہیں خواتین کے دن کا سفیر منتخب کیا گیا ۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سی ایم جی او بی ای نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس ترجیح کو ہمارے تمام امور میں یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ ہمیشہ کی طرح اہم ہے کہ پاکستان میں معیشت کی ترقی مرکز نگاہ رہی ہے اور خواتین کو معیشت کے ترکی میں مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر حقیقت پر مبنی ہے کہ خواتین اور لڑکیوں میں سرمایہ کاری کرنے اور انہیں درپیش رکاوٹوں کو ختم کرنے سے ترقی میں تیزی آتی ہے، خاص طور پر جب خواتین کو افرادی قوت میں ضم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لیبر مارکیٹ میں مردوں کے برابر خواتین کا کردار ہو تو ایک اندازے کے مطابق 26 فیصد یا 28 ٹریلین ڈالر کو عالمی جی ڈی پی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔