سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کا برازیل، دیگر ممالک کے لیے کھجوروں کا تحفہ

اے پی پی  |  Mar 08, 2024

ریاض۔8مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد پرمختلف ممالک میں کھجوروں کے تحفے بھیجنے کا پروگرام جاری ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جمہوریہ برازیل میں متعین سعودی عرب کے سفیر فیصل بن ابراہیم غلام نے کھجوروں کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب کا افتتاح کیا ۔سعودی سفیر نے کہا کہ کھجوروں کا یہ تحفہ خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی جانب سے انسانی ہمدردی کے طور پر دنیا بھر میں متاثرہ لوگوں میں تقسیم کیاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت سو ٹن کھجوریں برازیل کی 20 ریاستوں میں انتہائی ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کی جائیں گی اس کے علاوہ ارجنٹائن، بولیویا، کولمبیا، وینزویلا، ایکواڈور، پیراگوئے، یوروگوئے، پیرو، چلی، گیانا، ایل سلواڈور اور گوئٹے مالا میں بھی کھجوریں تقسیم کی جائیں گی۔

اس موقع پر برازیل میں اسلامی فیڈریشن کے نائب سربراہ ڈاکٹر علی حسین الزغبی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ سعودی عرب، شاہ سلمان مرکز کی جانب سے ہر سال رمضان سے پہلے کھجوروں کا تحفہ مختلف ممالک میں ارسال کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More