اسرائیل کے حق میں بیان، جنوبی افریقہ نے انڈر 19 ٹیم کے کپتان کو عہدے سے ہٹا دیا

اردو نیوز  |  Jan 14, 2024

کرکٹ ساؤتھ افریقہ (جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ) نے اسرائیل کے حق میں بیان دینے پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیوڈ ٹِیگر کو کپتانی سے ہٹا دیا ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق ڈیوڈ ٹِیگر کو رواں ماہ سے جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے ایک ہفتہ قبل ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ڈیوڈ ٹِیگر کو حفاظتی اقدامات کی وجوہات کے باعث جنوبی افریقہ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا گیا ہے۔

19 جنوری سے شروع ہونے والے اس ورلڈ کپ کے دوران کرکٹ ساؤتھ افریقہ کو اسرائیل مخالف مظاہروں کا خدشہ ہے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ٹِیگر کو کپتانی سے ہٹانے کے معاملے پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ فیصلہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں سمیت جنوبی افریقی انڈر 19 ٹیم اور ڈیوڈ ٹِیگر کی بہتری کے لیے کیا گیا ہے۔‘

کپتانی سے فارغ ہونے کے بعد ڈیوڈ ٹِیگر بطور کھلاڑی سکواڈ کا حصہ رہیں گے جبکہ ورلڈ کپ کے لیے نئے کپتان کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ 

ڈیوڈ ٹِیگر کو حفاظتی اقدامات کی وجوہات کے باعث جنوبی افریقہ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا گیا ہے (فائل فوٹو: کرکٹ ساؤتھ افریقہ)

ڈیوڈ ٹِیگر نے گذشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل کے حق میں بیانات دیے تھے اور اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تھا جس کے باعث اُن کے خلاف فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے والی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا اور کھیلوں کی تنظیمی باڈیز میں شکایات درج کروائیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بھی تماشائی فلسطین کے جھنڈے لے کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے نظر آئے تھے۔

دوسری جانب آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 19 جنوری سے ہو رہا ہے جس میں 16 ٹیمیں جنوبی افریقہ کے پانچ وینیوز میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More