’دی بامبے پینٹنگولر‘ ٹورنامنٹ: جب کرکٹ ٹیمیں ہندو، مسلمان اور پارسی ہوا کرتی تھیں

بی بی سی اردو  |  Jan 07, 2024

Getty Imagesبمبئی بمقابلہ موفس ( برطانوی کرکٹ ٹیم) - مہاراشٹر، انڈیا، 1882

کرکٹ برصغیر کا نہ صرف مقبول ترین کھیل ہے بلکہ شائقین اس کے لیے بہت جوش و خروش اور جنون رکھتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ انڈیا میں کرکٹ کی تاریخ بھی بہت دلچسپ ہے۔

اگر ایک طرف انڈیا اور پاکستان دونوں کا قومی کھیل ہاکی ہے وہیں کرکٹ کی جڑیں بھی یہاں بہت گہری ہیں۔ اس کھیل کے پس منظر میں کئی کہانیاں ہیں، جن سے تاریخ کی کئی تہوں کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

کرکٹ کی تاریخ کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہندوستان میں کرکٹ کے ایسے مقابلے ہوتے تھے، جن میں ٹیمیں ریاستوں یا علاقوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ مذاہب کی بنیاد پر بنتی تھیں۔ ہندو ٹیم کا مقابلہ مسلمانوں سے، مسلم ٹیم کا پارسیوں سے اور ہندو ٹیم کا پارسیوں سے مقابلہ۔

یہ مقابلے کئی سال تک جاری رہے۔ تماشائیوں کا ایک بڑا ہجوم اسے دیکھنے آیا کرتا تھا۔ اس وقت کے میڈیا نے بھی اپنے اخبارات میں ان مقابلوں کو اچھی جگہ دی۔

اس رپورٹ میں ہم آپ کو ایک ایسے ٹورنامنٹ کے بارے میں بتائیں گے جو ’دی بامبے پینٹنگولر‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں ہم بتائیں گے کہ یہ ٹورنامنٹ کیسے شروع ہوا، اس سے متعلق کیا تنازعات ہوئے اور پھر اس ٹورنامنٹ نے اپنی آخری سانسیں کیسے لیں۔

Getty Imagesپارسی خواتین 1910 میں کرکٹ دیکھ رہی تھیںہندوستان میں کرکٹ کا آغاز

ہندوستان میں کرکٹ کے کھیل کے ابتدائی حوالہ جات 18ویں صدی کی تیسری دہائی کے آغاز سے متعلق ہیں۔

بی سی سی آئی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، ایک برطانوی جہاز موجودہ گجرات کے کچے میں لنگر انداز ہوا۔

اس وقت کے ملاحوں کے تحریری حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ دیگر مشقوں کے ساتھ ساتھ وقت گزارنے کے لیے کرکٹ بھی کھیلتے تھے۔

اس کے بعد ہندوستان میں آہستہ آہستہ کرکٹ کھیلی جانے لگی، اگرچہ چھوٹی شکل میں ہی سہی۔ کلکتہ کرکٹ کلب کا آغاز 1792 میں ہوا تھا۔ یہ کلب ایم سی سی کلب کے بعد دنیا کا قدیم ترین کرکٹ کلب ہے۔

اس وقت، یہ ہندوستان میں پارسی برادری تھی جس نے سب سے پہلے کرکٹ کو اپنایا۔ 1848 میں پارسی برادری نے اورینٹل کرکٹ کلب کا آغاز کیا۔ اس کے بعد پارسی برادری نے کئی دوسرے کرکٹ کلب بھی کھولے۔

یہ پارسی کمیونٹی کی مالی طاقت تھی جس نے انھیں اپنی ٹیم برطانیہ بھیجنے کی اجازت دی۔

سنہ 1889-90 میں انگلینڈ کے جی ایف ورنن کی کپتانی میں ہندوستان آنے والی ٹیم کو پارسی برادری کی ٹیم نے 4 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ کسی بھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت بڑی جیت تھی۔

بوریا مجمدار، سینئر سپورٹس جرنلسٹ، مورخ اور سچن ٹنڈولکر کی سوانح عمری ’پلے اِٹ مائی وے‘ کے شریک مصنف نے ’دی بومبے پیٹینگولر‘ کے بارے میں لکھا ہے۔ اسے ’دی انٹرنیشنل جرنل آف دی ہسٹری آف سپورٹس‘ نے شائع کیا ہے۔

بوریا مجمدار اپنے مضمون میں لکھتے ہیں، ’پارسیوں نے کئی کرکٹ کلب بنائے تھے۔ بمبئی میں ہندو برادری تجارت میں پارسی برادری سے مقابلہ کرتی تھی۔ پارسی برادری کے بعد ہندوؤں نے بھی کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا۔

پہلا ہندو کرکٹ کلب 1866 میں ’بمبئی یونین‘ کے نام سے قائم کیا گیا تھا۔ پارسی برادری کے کلب جہاں علاقے کے نام پر زیادار بنائے گئے وہیں دوسری طرف ہندوؤں کے کلب ذات پات اور مذہب کے نام پر بنائے گئے۔

1890 کی دہائی میں ’دی بامبے پینٹنگولر‘ کے آغاز سے پہلے، یورپی اور پارسی کمیونٹیز کے درمیان سالانہ میچ ہوتے تھے۔ 1907 میں یہ میچ ٹرائنگولر ہو گئے اور ہندو برادری کی ٹیم بھی اس میں شامل ہو گئی۔

سنہ1912 میں مسلم کمیونٹی کی ٹیم بھی اس میں شامل ہوئی اور 1937 میں ’ریسٹ‘ کے نام سے ایک ٹیم بنائی گئی جس میں اینگلو انڈین اور کرسچن کمیونٹی کے کھلاڑی شامل تھے۔

کوشک بندھوپادھیائے نے ایک کتاب لکھی ہے، ’مہاتما آن پچ‘، جس میں انھوں نے ’دی بامبے پینٹنگولر‘ ٹورنامنٹ کے بارے میں تفصیل سے لکھا ہے۔

کوشک لکھتے ہیں کہ 1912 تک اس ٹورنامنٹ کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی بڑا فرقہ وارانہ واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس طرح کے ٹورنامنٹ ملک کے دیگر حصوں جیسے سندھ، لاہور، دہلی اور وسطی صوبوں میں منعقد ہو رہے تھے۔

کوشک لکھتے ہیں کہ اس وقت ہندوستان میں مختلف کمیونٹیز کے درمیان مقابلے کے جذبے کی وجہ سے کرکٹ ترقی کر رہی تھی۔

اس کے ساتھ کوشک کا کہنا ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے لوگوں میں یہ دیکھا گیا کہ وہ اپنی برادری کے لیے میدان میں آئے ہیں۔

سنہ1930کی دہائی کے آغاز تک اس ٹورنامنٹ میں سپورٹس مین شپ کا جذبہ برقرار دیکھا گیا۔

کوشک لکھتے ہیں، ’جب 1924 میں مسلم ٹیم نے ٹورنامنٹ جیتا تو ہندو اپنی جیت کا جشن منانے میں شامل ہوئے۔ محمد علی جناح نے بھی اس اچھی سپورٹس مین شپ کی تعریف کی۔‘

Getty Images1878 میں پارسی کرکٹ کھیلتے ہوئےبرادریوں کے درمیان مقابلہ فرقہ وارانہ کیسے ہو گیا؟

کوشک نے مشہور مؤرخ گیانیندر پانڈے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ 1920 کی دہائی سے پہلے، ہندوستان کو مختلف برادریوں کے ایک گروپ کے طور پر دیکھا جاتا تھا، جس کے فریم ورک میں ’دی بامبے پینٹنگولر‘ جیسے ٹورنامنٹ فٹ ہوتے ہیں۔

ہندوستان کا یہ نظریہ 1920 کی دہائی میں بدلنا شروع ہوا۔ اب ہندوستان کو لوگوں کے ایک گروپ کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔

کوشک لکھتے ہیں، ’ٹورنامنٹ نے ایک قوم کے طور پر ابھرتے ہوئے ہندوستان میں مذہب کی بنیاد پر ٹیم مقابلوں کی ضرورت کے بارے میں ایک بحث کو جنم دیا۔‘

’بحث میں دو دھڑے تھے، جن میں سے ایک کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ کرکٹ کے ذریعے کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش ہے۔‘

’ایک اور دھڑا کہتا تھا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ خراب مقابلے کا جذبہ پیدا کر رہے ہیں، کمیونٹیز کو ایک دوسرے سے دور کر رہے ہیں۔‘

کوشک کے مطابق 1928 میں بی سی سی آئی کے قیام کے بعد ان مقابلوں کے خلاف آوازیں اٹھی تھیں لیکن پھر بھی اس ٹورنامنٹ کے حق میں کئی آوازیں اٹھ رہی تھیں۔

سنہ 1936کے بمبئی کواڈرینگولر سے پہلے ہندو مسلم فسادات ہوئے تھے۔ اس وقت، ’دی بامبے کرونیکل‘ نے کہا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ اس مقابلے کو روکا جائے، ورنہ اس سے برادریوں کے درمیان تلخی ہی بڑھے گی۔‘

سنہ 1937میں، جب ’ریسٹ سائیڈ‘ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا جا رہا تھا، جے سی میترا اور جے ایم گنگولی جیسی بڑی شخصیات نے مشورہ دیا کہ ملک کے مفاد میں ٹورنامنٹ کو بند کر دیا جائے۔

Getty Imagesگاندھی نے کیا احسان کیا؟

دسمبر 1940 تک، ٹورنامنٹ کے بارے میں بحث کافی بڑھ چکی تھی۔ اس وقت ہندو جم خانہ کا ایک وفد گاندھی سے مشورہ لینے آیا۔

ان کے خیالات ’مہاتما گاندھی کے اجتماعی کام‘ کی 79ویں جلد میں چھپے ہیں۔

گاندھی نے یورپ میں جاری دوسری جنگ عظیم اور ہندوستان میں کئی رہنماؤں کی قید کی وجہ سے ان میچوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔

اس کے ساتھ ہی گاندھی نے اس ٹورنامنٹ کی فرقہ وارانہ نوعیت پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا، ’میں بمبئی کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے کھیلنے کے طریقے بدلیں اور ان فرقہ وارانہ میچوں کو روک دیں۔‘

’میں کالجوں کے درمیان میچ کھیلنا سمجھتا ہوں لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ہندوؤں، مسلمانوں اور پارسیوں کے درمیان میچ کیوں ہوتے ہیں۔‘

’میرے خیال میں اس طرح کی غیر کھیلوں کی تقسیم کو کھیل میں برا سمجھا جانا چاہیے۔‘

گاندھی کے بیان کی ایک گروپ نے تعریف کی تو ایک نے تنقید کی۔

گاندھی کے بیان کے بعد بھی یہ ٹورنامنٹ 1941 میں کھیلا گیا۔ ایک ٹورنامنٹ 1946 تک جاری رہا، سوائے 1942 کے۔

یہ بھی دیکھا گیا کہ 1941 تک اس ٹورنامنٹ کے خلاف آوازیں بہت بلند ہو رہی ہیں۔

کوشک بندھوپادھیائے لکھتے ہیں، ’پٹیالہ، نوا نگر اور وجئے نگرم جیسی پرنسلی ریاستوں نے ٹورنامنٹ کے خلاف آواز اٹھانا شروع کر دی۔‘

’نواں نگر کے جام صاحب نے اپنی ریاست کے تمام کھلاڑیوں پر اس ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی لگا دی تھی۔‘

اس قدم کا پٹیالہ کی شاہی ریاست نے بھی خیر مقدم کیا۔ پٹیالہ ریاست نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کا کوئی بھی کھلاڑی فرقہ وارانہ بنیادوں پر کھیلے جانے والے میچوں میں حصہ نہیں لے گا۔

یہ ٹورنامنٹ کیسے ختم ہوا؟

سنہ 1943سے 1945 تک یہ ٹورنامنٹ اپنے پورے رنگ میں کھیلا گیا۔ کوشک کے مطابق اس وقت کی پریس میڈیا کوریج سے پتہ چلتا ہے کہ لوگوں میں اس ٹورنامنٹ کے لیے کتنا جوش و خروش تھا۔

کوشک کے مطابق، ’آخری پینٹنگولر ٹورنامنٹ فروری 1946 میں کھیلا گیا تھا۔ اس سال ہندوستان میں کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تشدد ہوا تھا۔ ایسے حالات میں کرکٹ کھیلنا ناممکن لگتا تھا۔

’یہاں تک کہ اس ٹورنامنٹ کے بڑے حامی بھی مختلف برادریوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی وجہ سے اسے منسوخ کرنے کی وکالت کر رہے تھے۔‘

’اس وقت کے بی سی سی آئی کے صدر انتھونی ڈی میلو نے اس وقت کہا تھا کہ ٹورنامنٹ سے ملک کا امن خراب ہو سکتا ہے۔‘

بعد میں اسے دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن ناکام رہیں۔

بوریا مجمدار کا کہنا ہے کہ اس پینٹنگولر ٹورنامنٹ کو اس کے آغاز سے لے کر اس کے بند ہونے تک سیاسی اور اقتصادی تصویر کے ذریعے سمجھنا ضروری ہے۔

وہ کہتے ہیں، ’اگر ہم اس ٹورنامنٹ کا مطالعہ کرتے ہیں، تو ہم سمجھتے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ کو بند کرنے کے لیے جو سیکولرازم کی تصویر بنائی گئی ہے اس کے پیچھے سیاسی اور معاشی عوامل بھی کام کر رہے ہیں۔‘

پینٹنگولر ٹورنامنٹ کے بھرے سٹیڈیم کے مقابلے بی سی سی آئی کی رنجی ٹرافی میں سٹینڈز خالی ہوتے تھے۔ اس کی وجہ سے بورڈ اور پینٹنگولر کی مخالفت کرنے والوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔

بی سی سی آئی اور سربراہان مملکت نے اس ٹورنامنٹ کو قومی تحریک کی راہ میں رکاوٹ قرار دے کر دبانے کی پوری کوشش کی۔

’لیکن اس کوشش کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1946 میں پینٹنگولر ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد بھی لوگوں میں رنجی ٹرافی کے لیے کوئی خاص جوش و خروش نہیں دیکھا گیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More