پالتو کتا 4 ہزار ڈالر کے نوٹ کھا گیا لیکن ۔۔ جانتے ہیں مالک نے پیسے واپس کیسے وصول کئے؟

ہماری ویب  |  Jan 06, 2024

گھروں میں کتے پالنا ایک عام سی بات ہے، اکثر لوگ مہنگے مہنگے کتے پالتے ہیں اور ان کی ضروریات پر دل کھول کر پیسہ خرچ کرتے ہیں لیکن کبھی آپ نے سنا ہے کہ پالتو کتے نے ہزاروں ڈالرز کے نوٹ کھالئے ہوں ، اگر نہیں سنا تو ہم بتاتے ہیں کہ امریکا میں ایک پالتو کتا مالک کے 4 ہزار ڈالر کھاگیا لیکن دلچسپ بات تو یہ ہے کہ مالک نے یہ پیسے واپس بھی وصول کرلئے۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ امریکی شہر پٹسبرگ کے کلیٹن لا اور ان کی اہلیہ کیری اپنے گھر پر مزدوروں سے باڑ لگوا رہے تھے، اس کام کیلئے مزدوری 4000 ڈالرز طے ہوئی تھی لیکن کلیٹن کا پالتو کتا 4 ہزار ڈالر کی نقدی سے بھرا ہوا لفافہ کھاگیا۔

کلیٹن لا نے میڈیا کو بتایا تھوڑی دیر کا کام تھا اس لئے انہوں نے مزدوری ادا کرنے کے لیے 4000 ڈالرز سے بھرا لفافہ کچن کے کاؤنٹر پر ہی چھوڑ دیا تھا جس میں 100 اور 50 ڈالرز کے نوٹ بھرے ہوئے تھے۔

کلیٹن لا کا کہنا ہے کہ جب میں واپس آیا تو لفافہ وہاں نہیں تھا اور اچانک دیکھا تو پالتو کتا سیسل نوٹ چبا رہا تھا، میں کمرے میں گیا تو کچھ نقدی زمین پر پڑی ہوئی تھی اور زیادہ تر کتے نے کھالی تھی۔ میں نے فوراً اپنی اہلیہ کیری کو آواز دی اور کہا کہ سیسل نے 4000 ڈالرز کھا لیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم دونوں میاں بیوی نے زمین پر پڑے نوٹوں کے ٹکڑوں کو سمیٹا اور انہیں بڑی مشکل سے جوڑا جس پر وہ 1500 ڈالرز بنے۔ کلیٹن لا نے بتایا کہ دو دن تک کتے کی اُلٹیوں اور فضلات سے نوٹوں کو جمع کیا اور ان کی صفائی کرکے انہیں خشک کیا اور بڑی مشکل سے سیریل نمبر دیکھ کر جوڑا۔ اس محنت کا آخر کار انہیں صلہ مل گیا اور انہیں اپنے پورے پیسے وصول ہوگئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More