میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں پاکستان کو پہلی اننگز میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے جبکہ کریز پر عامر جمال اور محمد رضوان موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے تین، نیتھن لائن نے دو جبکہ ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن 34 کے مجموعی سکور پرامام الحق 10 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد اوپنر عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سہارا دیا لیکن یہ شراکت داری زیادہ دیر چل نہیں سکی اور 124 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود 54 رنز بنا کر نیتھن لائن کا دوسرا شکار بنے۔
بابر اعظم صرف ایک رن سکور کرنے کے بعد پولین لوٹ گئے۔ بابر اعظم کے بعد سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور 9 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔
بدھ کو آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی لیکن پاکستان کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے سکور میں بڑا اضافہ نہیں ہو سکا۔
آسٹریلیا اپنے دن کے سکور میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 131 رنز کا اضافہ ہی کر پایا۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے تین، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور امیر حمزہ نے دو، دو جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جبکہ آسٹریلیا کی اننگز میں مارنوس لبوشین نے 63، عثمان خواجہ نے 42 اور ڈیوّ وارنر نے 38 رنز بنائے۔