’ذمہ داری نہیں لینا چاہتا تھا،‘ اُروشی ڈھولکیا کی 18 برس کی عمر میں طلاق کیوں ہوئی؟

اردو نیوز  |  Dec 16, 2023

ڈرامہ سیریل ’کسوٹی زندگی کی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی انڈین اداکارہ اُروشی ڈھولکیا کا کہنا ہے کہ 16 برس کی عمر میں اُن کی شادی ہوئی اور وہ ’سنڈریلا کی زندگی‘ کی توقع کر رہی تھیں لیکن اُن کی شادی صرف دو سال ہی چل سکی۔

سدھارتھ کنان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اُروشی ڈھولکیا کا اپنی کم عمری میں شادی اور طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت میں پاگل پن کی حد تک محبت میں گرفتار ہوگئی تھی۔ اگر آپ مجھ سے آج بھی پوچھیں گے تو میں اس بات کی تردید نہیں کروں گی۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں قدیم زمانے سے ہوں لیکن میں ایک بڑی عمر کے والدین کے گھر میں پیدا ہوئی تھی اور میری والدہ پنجاب کی ایک دقیانوسی خاتون تھیں۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ اپنی شادی کے وقت میچور نہیں تھیں اور نہ ہی کوئی نوکری کرنا چاہتی تھیں۔

اُروشی ڈھولکیا کے مطابق ’میں ایسی تھی کہ مجھے کوئی کام نہیں کرنا تھا اور مجھے سنڈریلا جیسی زندگی چاہیے تھی لیکن پھر وقت بدل گیا۔ میری 16 برس کی عمر میں شادی ہوگئی، 17 برس کی عمر میں دو بچوں کی ولادت ہوئی اور پھر 18 برس کی عمر میں میری طلاق ہوگئی۔‘

اپنے شوہر سے علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’وہ کوئی ذمہ داری نہیں چاہتے تھے اور اسی وجہ سے محبت بھی ختم ہوگئی لیکن میں نے اپنے بچوں کو تنہا نہیں چھوڑا کیونکہ اگر مجھے ایسا کرنا ہوتا تو میں اُن کو جنم ہی نہیں دیتی۔‘

انہوں نے اپنی نجی زندگی پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے دونوں بیٹے اپنے والد سے کبھی نہیں ملے اور ’نہ وہ انہیں جاننا چاہتے ہیں۔ ہم نے کوشش بھی کی کہ ایسا ہوجائے لیکن دونوں بچوں نے انکار کردیا۔‘

خیال رہے ڈرامہ سیریل ’کسوٹی زندگی کی‘ سنہ 2001 میں انڈین چینل سٹار پلس پر شروع ہوا تھا اور 2008 تک جاری رہا۔ اُرشی ڈھولکیا نے اس ڈرامے میں منفی کردار ادا کیا تھا جس کا نام ’کمولیکا‘ تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More