نظامِ شمسی سورج اور ان تمام اجرام فلکی کے مجموعے کو کہتے ہیں جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر سورج کی ثقلی گرفت میں ہیں، اس میں 8 سیارے، ان کے 162 معلوم چاند، 3 شناخت شدہ بونے سیارے ، ان کے 4 معلوم چاند اور کروڑوں دوسرے چھوٹے اجرام فلکی شامل ہیں، یہاں کچھ جگہوں پر تو انسان رسائی کرچکا ہے تاہم کچھ مقام ایسے ہیں جہاں سے زندہ لوٹنا کسی صورت ممکن نہیں ہے۔
ناسا کے ماہرینِ فلکیات کے نزدیک HD 189733 b سب سے خطرناک اور قاتل سیاروں میں سے ایک ہے جہاں سے کوئی انسان زندہ واپس نہیں آسکتا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ایچ ڈی 189733 بی کا موسم جان لیوا ہے۔ اس کی ہوائیں آواز کی رفتار سے 7 گنا زیادہ 5,400 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہیں۔ لیکن اس سے قطع نظر جو بات اسے سب سے زیادہ خوفناک بناتی ہے وہ ہے یہاں کی بارش جو پانی کی بوندوں کے بجائے کانچ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔
اس سیارے کا کوبالٹ کا نیلا رنگ جو خلا سے کسی سمندر کی طرح دکھتا ہے، دراصل سیارے کے ماحول میں موجود سلیکیٹ کے ذرات سے بنے بادل ہیں جو ہمہ وقت طوفانی صورت اختیار کیے ہوئے ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انسانی آنکھ کو یہ دور دراز سیارہ چمک دار نیلا دکھائی دیتا ہے لیکن اگر کوئی بھی ’خلائی مسافر‘ اسے زمین ہی جیسا ماحول دوست سیارہ سمجھ کر اس پر اترنے کی کوشش کرے تو یہ اس کی زندگی کی سب سے بڑی اور آخری غلطی ہوگی۔