کھانا گرم کرنے کیلئے مائیکرو ویو ایک انتہائی کارآمد اور آزموہ مشین ہے لیکن سفر کے دوران کھانا گرم کرنے کیلئے مائیکرو ویو کو ساتھ لے کر جانا بہت مشکل ہے تاہم اب ماہرین نے ایک ایسا مائیکرو ویو بیگ تیار کرلیا ہے جس سےکبھی بھی اور کہیں بھی کھانا گرم کرنا ممکن ہوگا۔
ولیٹیکس ول کک مائیکروویو بیگ جو دیکھنے میں ایک اسٹائلش لیپ ٹاپ بیگ جیسا لگتا ہے لیکن یہ اصل میں ایک کنڈکٹیو فیبرک سے بنا ہوا مائیکروویو ہے جو آپکا کھانا دوران سفر گرم کرے۔
یہ بیگ معروف جاپانی کمپنی سانکی کونسس نے تیار کیا ہے اور اسکا مقصد یہ ہے کہ جب آپکے پاس اپنے لنچ کو گرم کرنے یا پھر گرم کھانا آرڈر کرنے کا کوئی ذریعہ نہ ہو تو آپکے پاس موجود لنچ کو اسکے اندر رکھ کر گرم کیا جاسکتا ہے۔
اس بیگ کے اندر 250 ڈگری تک گرم کرنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ یہ سخت سردی کے دنوں میں جب آپ گھر سے باہر ہوں کھانا گرم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بظاہر ایک عام سا لیپ ٹاپ بیگ جیسا ہے لیکن اسکے اندر آپ جو کچھ بھی رکھیں گے تو یہ پانچ منٹ میں اسے 80 ڈگر سیلسیس تک گرم کردے گا۔
اس بیگ کا اپنا وزن صر ف 160 گرام ہے، اس میں ایک ری چارج ایبل بیٹری نصب ہے جو کہ اضافی 120 گرام وزنی ہے۔ بیگ کو 40 سے 250 ڈگری تک بڑھانے کے لیے ایک اسمارٹ فون ایپ ہوٹوپیا کے ذریعے سیٹ کیا جاسکتا ہے، یہ بیگ آٹھ گھنٹے تک چارج رہتا ہےیعنی آپ سفر کے دوران آٹھ گھنٹے تک بغیر کسی پریشانی کے کھانا گرم کرسکتے ہیں۔