لال بیگ یوں تو چھوٹا سا ہوتا ہے لیکن بڑے بڑوں کے چھکے چھڑوادیتا ہے اور اکثر خواتین تو لال بیگ کے خوف سے کانپنے لگ جاتی ہیں جبکہ کچھ مرد بھی اس چھوٹے سے لال بیگ سے بہت زیادہ ڈرتے ہیں، ایک شخص نے تو اس چھوٹے سے لال بیگ کی وجہ سے پورے گھر میں دھماکہ ہی کردیا۔
لال بیگ کا گھر میں نظر آنا کسی کو پسند نہیں آتا یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں مارنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، مگر جاپان میں ایک لال بیگ مارنے کے چکر میں ایک شخص نے اپنے اپارٹمنٹ میں ہی دھماکا کر دیا۔
یہ واقعہ جاپان کے شہر کوماموتو میں 10 دسمبر کو پیش آیا جبکہ ایک 54 سالہ شخص کو اپنے اپارٹمنٹ میں ایک لال بیگ نظر آیا تو اس نے چپل کی بجائے کیڑے مار دوا سے اسے مارنے کا فیصلہ کیا۔
اس شخص نے لال بیگ کو مارنے کے لیے بہت زیادہ مقدار میں کیڑے مار دوا چھڑک دی، دوا کے بہت زیادہ استعمال کے نتیجے میں دھماکا ہوا جس سے ایک کھڑکی چکنا چور ہوگئی جبکہ وہ شخص بھی معمولی زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ دھماکا کیوں ہوا مگر خیال ہے کہ دوا کو برقی مصنوعات پر چھڑکا گیا ہوگا جس سے آگ لگی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب جاپان میں اس طرح کیڑے مار ادویات کے استعمال سے دھماکا ہوا ہے۔اس سے قبل بھی وہاں ایسے متعدد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔