’فخر سے کہوں گا مسلمان ہوں،‘ ورلڈ کپ میں سجدے کی بحث پر شامی نے خاموشی توڑ دی

اردو نیوز  |  Dec 13, 2023

گذشتہ مہینے ختم ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں انڈیا کے محمد شامی میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے اور انہیں اس شاندار کارکردگی پر دُنیا بھر میں سراہا بھی گیا۔

اسی ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا کے خلاف میچ میں محمد شامی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور جشن منانے کے لیے سجدہ کرنے کے انداز میں زمین کی طرف جھکے اور گھٹنوں پر بیٹھ گئے۔

محمد شامی کے اس انداز سے سوشل میڈیا صارفین میں نئی بحث چھڑ گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ فاسٹ بولر سجدہ کرتے کرتے رُک گئے۔

سوشل میڈیا پر ہفتوں جاری رہنے والی بحث پر محمد شامی نے بالآخر خاموشی توڑ دی ہے اور سجدہ کرنے کے حوالے سے دعوؤں کی بھی تردید کر دی ہے۔

انڈین ٹی وی شو ’ایجنڈا آج تک‘ میں بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’اگر میں عبادت کرنا چاہتا تو کون مجھے روک سکتا تھا؟ میں کسی کو عبادت کرنے سے نہیں روکوں گا اور اگر میں عبادت کرنا چاہوں گا تو ضرور کروں گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ فخر سے کہوں گا میں مسلمان ہوں۔ میں یہ فخر سے کہوں گا کہ میں ایک انڈین ہوں اور اس میں مسئلہ کیا ہے؟‘

انڈین فاسٹ بولر نے ایک سوال کےجواب میں کہا کہ ’اگر مجھے عبادت کرنے کے لیے بھی کسی سے اجازت لینا پڑے تو میں اس ملک میں رہوں گا ہی کیوں؟‘

انہوں نے سوشل میڈیا پر بحث شروع کرنے والے لوگوں سے سوالیہ انداز میں دریافت کیا کہ ’کیا میں نے اس سے پہلے کبھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد سجدہ کیا؟ میں نے کئی مرتبہ پانچ وکٹیں لی ہیں۔ آپ مجھے بتائیں میں نے کہاں سجدہ کیا؟ میں وہیں جاکر سجدہ کرلوں گا۔‘

خیال رہے محمد شامی نے ورلڈ کپ میں سات میچز کھیل کر 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انڈیا کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More