’ایسی امید نہیں تھی،‘ محمد حفیظ کی کینبرا کی پچ اور کنڈیشنز پر شدید تنقید

اردو نیوز  |  Dec 11, 2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل کینبرا میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کی پچ اور کنڈیشنز پر شدید تنقید کی ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق محمد حفیظ نے کینبرا میں پرائم منسٹرز الیون کے خلاف پریکٹس میچ کی پچ اور کنڈیشنز کو حیران کن اور مایوس کن قرار دے دیا۔

پرتھ کے واکا گراؤنڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ’آسٹریلیا میں مہمان ٹیم کے لیے سلو ترین پچ تھی۔ بطور ٹیم ہم بہت خوش ہیں کیونکہ ہم نے ہر شعبے میں پریکٹس کی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سب جانتے ہیں کہ ہم ایسی پچ نہیں چاہتے تھے، لہٰذا بار بار اس بات کو دہرانا اور اس معاملے کو کرکٹ آسٹریلیا کے سامنے اٹھانا ٹھیک نہیں ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’مایوسی بہت زیادہ ہے کیونکہ ہمیں ایسے انتظامات کی امید نہیں تھی۔ شاید ایسا کسی حکمت عملی کی وجہ سے کیا گیا ہو لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ ہم کوئی بہانہ نہیں کر رہے، ہم آنے والے چیلنجز کے لیے بالکل تیار ہیں۔‘

یہاں واضح رہے پاکستانی ٹیم اور پرائم منسٹرز الیون کے درمیان چار روزہ پریکٹس میچ دارالحکومت کینبرا میں کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

گرین شرٹس کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ’پاکستانی ٹیسٹ ٹیم بالکل تیار ہے اور اس نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ یہ جان کر بہت خوشی ہو رہی ہے کہ کھلاڑی چیلنجز کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں اور آسٹریلیا میں اچھا کھیلنا پہلی ترجیح ہوگی۔‘

دوسری جانب پاکستانی سپنر ابرار احمد سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ابرار احمد کی جگہ متبادل کے طور پر ساجد خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے تاہم ابرار احمد ابھی تک سیریز کے باقی دو میچوں سے باہر نہیں ہوئے۔

خیال رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر سے میلبرن اور تیسرا میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More