پی ایس ایل 9 کی ٹیموں کے کون کون سے کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم نہیں چھوڑی؟

اردو نیوز  |  Dec 08, 2023

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے برس فروری میں ہونے والے ایڈیشن کے لیے تمام چھ ٹیموں نے اپنی ریٹینشنز اور ٹریڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پریس ریلیز کے مطابق تمام ٹیموں کو کم سے کم 8 ریٹینشنز کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد ملتان سلطانز کے علاوہ باقی تمام ٹیموں نے پوری 8 ریٹینشنز کی ہیں، جبکہ ملتان سلطانز نے 7 کھلاڑی ریٹین کیے ہیں۔

اگر پی ایس ایل کی ریٹینشنز کی بات کی جائے تو دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں شاہین شاہ آفریدی کو ریٹین کیا ہے، جبکہ  ڈائمنڈ کیٹیگری میں حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے کو ریٹین کیا ہے۔

اسی طرح باقی کیٹیگریز میں لاہور قلندرز نے سکندر رضا، عبداللہ شفیق، زمان خان، مرزا طاہر بیگ اور راشد خان کو ریٹین کیا ہے۔

2024 کے سیزن کے لیے دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان اور نسیم شاہ کو پلاٹینم کیٹیگری میں ریٹین کیا ہے، اور باقی ریٹین ہونے والے کھلاڑیوں میں اعظم خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، الیکس ہیلز، کولن منرُو اور رومان رئیس شامل ہے۔

اسی طرح عماد وسیم کی اسلام آباد یونائیٹڈ میں آمد کے بعد کراچی کنگز کی پلاٹینم کیٹیگری خالی ہے تاہم باقی کیٹیگریز میں حسن علی، جیمز ونس، شان مسعود، شعیب ملک، تبریز شمسی، میر حمزہ، محمد اخلاق اور محمد عرفان خان شامل ہیں۔

ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم کے لیے سات کھلاڑیوں کو ریٹین کیا ہے جن میں پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان محمد رضوان کے ساتھ افتخار احمد شامل ہیں۔

اسی طرح باقی کیٹیگریز میں خوشدل شاہ، اسامہ میر، عباس آفریدی، احسان اللہ اور فیصل اکرم شامل ہیں۔ 

HBL PSL 2024 player retentions are officially out…

Click for more details https://t.co/2rCCta1zRo#HBLPSLDraft #HBLPSL9 pic.twitter.com/LMIngPMHb4

— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) December 7, 2023

پشاور زلمی نے اگلے برس کے سیزن کے لیے اپنی ٹیم میں پلاٹینم کیٹیگری کے لیے کپتان بابر اعظم او رومان پاؤل کو ریٹین کیا ہے، جبکہ باقی ریٹین ہونے والے کھلاڑیوں میں صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈ مور، محمد حارث، عامر جمال، خرم شہزاد اور حسیب اللہ خان شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں رائلی رُوسو کو ریٹین کیا ہے جبکہ ریٹین ہونے والے باقی کھلاڑیوں میں محمد وسیم جونیئر، جیسن روئے، وانندو ہاسارنگا، محمد حسنین، ابرار احمد، کپتان سرفراز احمد اور وِل سمیڈ شامل ہیں۔

پی ایس ایل کے حوالے سے ایک اور بڑی پیشرفت بھی دیکھنے کو ملی جب لاہور قلندرز نے ڈرافٹ سے قبل اپنے سپرسٹار بیٹر فخر زمان کو ریلیز کر دیا تاہم اس مرتبہ بھی فخر زمان کو لاہور قلندرز کی جانب سے ڈرافٹ میں آر ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دوبارہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

فخر زمان کے علاوہ ریلیز ہونے والے بڑے کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی، کراچی کنگز کے محمد عامر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز اور ملتان سلطانز کے شاہنواز دہانی شامل ہیں۔

پی ایس ایل کے لیے ڈرافٹ کی تقریب 13 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں منعقد ہوگی۔

اس ڈرافٹ کے لیے 22 ممالک کے 485 کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹرڈ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ابھی تک کی غیر حتمی اطلاعات کے مطابق پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن اگلے برس 8 فروری سے 24 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا۔    

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More