’ناتجربہ کار‘ صائم ایوب جو ’کرکٹ میں کچھ بھی ناممکن نہیں‘ سمجھتے

اردو نیوز  |  Nov 26, 2023

دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل بلے باز صائم ایوب کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ چیمپیئن ٹیم کے خلاف ’نڈر اور بے باک‘ کرکٹ ہی کھیلنا چاہیں گے اور پاکستان کو میچ جتوانے کی کوشش کریں گے۔

اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں آسٹریلیا کے دورے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جوب میں صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ’میری ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ مجھے ٹیم کے لیے موقع ملے تو میں میچ جتوانے کی کوشش کروں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سوچ ہمیشہ نڈر اور بے باک ہونی چاہیے لیکن کبھی ایسا ہوتا ہے کہ ہمیں کنڈیشنز کے حساب سے کھیلنا پڑتا ہے، بولرز کو بعض اوقات عزت دینی پڑتی ہے۔‘

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مبنی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ، دوسرا میلبرن اور تیسرا سڈنی میں کھیلے گی۔

21 برس کے صائم ایوب کی یہ پاکستان کی طرف سے پہلی انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ اس سے قبل وہ آٹھ ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

آسٹریلیا میں اپنے متوقع ٹیسٹ ڈبیو کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ ’میرا یہ خیال ہے کہ مشکلات اور آسانیاں ہر کھلاڑی خود اپنے لیے پیدا کرتا ہے۔ اگر ہم دماغی طور پر بطور ٹیم تیار ہوکر جاتے ہیں تو کرکٹ میں کوئی چیز ناممکن نہیں، نڈر سوچ ہوگی اور اچھا نتیجہ ملے گا۔‘

انہوں نے اس بات کا بھی اقرار کیا کہ وہ ’ناتجربہ کار‘ ہیں اور انہوں نے آسٹریلیا میں کبھی کرکٹ نہیں کھیلی۔

"Excited for the challenge ahead"

Saim Ayub's media talk at Pindi Cricket Stadium#AUSvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/30V6Kuh9f2

— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 26, 2023

صائم ایوب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دنیا کی متعدد ٹی20 لیگز کھیل چکے ہیں اور ایک جارحانہ بیٹسمین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم میں اپنی شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’میں کرکٹ کا سپیشلسٹ بننا چاہتا ہوں، کسی ایک فارمیٹ کی بات نہیں اور میرے ذہن میں ہمیشہ تینوں فارمیٹس ہوتے ہیں اور ہر فارمیٹ کی جو ضرورت ہوتی ہے اُس حساب سے آپ کو اپنے آپ کو ڈھالنا پڑتا ہے۔‘

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے نوجوان بیٹسمین نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا میں تیز کرکٹ کھیلی جاتی ہے اور انہیں امید ہے کہ انہیں وہاں کھیلنے میں مزہ آئے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More