بیٹی کو 50 کروڑ روپے کا تحفہ، امیتابھ بچن کے کل اثاثے 30 ارب 60 کروڑ

اردو نیوز  |  Nov 26, 2023

انڈیا کے مشہور اداکار امیتابھ بچن خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی بیٹی شویتا بچن کو ایک بہت مہنگا تحفہ دیا ہے۔

بالی وڈ خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق بچن خاندان کا مشہور زمانہ بنگلہ ’پرتیکشا‘ شویتا بچن کو باضابطہ طور پر تحفے میں دے دیا گیا ہے اور اب وہ 50 کروڑ انڈین روپے کے اس گھر کی واحد مالک ہیں۔

امیتابھ بچن نے اس حوالے سے تمام قانونی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں جس کے ساتھ ہی ان کے کل اثاثوں کی مالیت میں فرق آ گیا ہے جبکہ شویتا کے کل اثاثوں کی مالیت میں بھی فرق آیا ہے۔

اگرچہ امتیابھ اپنے خاندان کا سربراہ ہونے کے ناتے اب بھی سب سے زیادہ دولت کے مالک ہیں۔ وہ اور ان کے اہل خانہ 50 ارب انڈین روپے سے زیادہ کی مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں۔

اس بیش قیمت تحفے کے ساتھ شویتا بچن کے اثاثوں کی مالیت دوگنا ہو گئی ہے، تاہم ان کی بھابھی ایشوریہ رائے بچن کے اثاثے ابھی بھی ان سے 590 فیصد زیادہ ہیں۔

بچن خاندان کی دولت

امیتابھ بچن کے کل اثاثوں کی مالیت

امیتابھ بچن کے کل اثاثوں کی مالیت 30 ارب 60 کروڑ انڈین روپے ہے لیکن شویتا بچن کو بنگلہ تحفے میں دینے کے بعد اس میں 50 کروڑ انڈین روپے کی کمی ہو گئی ہے۔ بالی وڈ کے شہنشاہ کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ انڈین روپے ہے۔ وہ اس وقت فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ میں بھی کام کر رہے ہیں جبکہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا ایک نیا سیزن بھی آنے والا ہے، لہذا اس بات کا امکان ہے کہ ان کے کل اثاثوں کی مالیت میں دوبارہ اضافہ ہو جائے گا۔

امیتابھ بچن کی سالانہ آمدنی 50 کروڑ انڈین روپے ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)جیا بچن کے کل اثاثوں کی مالیت

امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن نے سنہ 2018 میں راجیہ سبھا کے انتخابات میں کاغذات جمع کراتے ہوئے اپنے کل اثاثوں کی مالیت 10 ارب انڈین روپے سے زیادہ بتائی تھی۔ اگر ان کے اثاثوں میں مزید کوئی اضافہ نہیں ہوا تو ابھی بھی ان کے اثاثوں کی کل مالیت 10 ارب 83 کروڑ انڈین روپے ہے۔

ایشوریہ رائے بچن کے کل اثاثوں کی مالیت

بچن خاندان کی بہو ایشوریہ رائے بچن کے کل اثاثوں کی مالیت 8 ارب 28 کروڑ انڈین روپے ہے، جن میں رواں برس ان کی تمل فلموں کے بعد اضافہ ہوا ہے۔

ابھیشیک بچن کے کل اثاثوں کی مالیت

ایشوریہ رائے بچن کے شوہر ابھیشیک بچن جو متعدد سپورٹس ٹیموں کے مالک ہیں، ان کے کل اثاثوں کی مالیت دو ارب 80 کروڑ انڈین روپے ہے۔

ایشوریہ رائے بچن کے ابھی بھی ان کی نند سے 590 فیصد زیادہ اثاثے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)شویتا بچن کے کل اثاثوں کی مالیت

کچھ رپورٹس کے مطابق شویتا بچن کے اثاثوں کی کل مالیت 60 سے 80 کروڑ انڈین روپے تھی، جبکہ کچھ کا اندازہ ہے کہ یہ ایک ارب انڈین روپے یا اس سے زیادہ ہے، تاہم 50 کروڑ انڈین روپے کے اضافے کے ساتھ یہ یقینی طور پر ایک ارب 50 کروڑ یا ایک ارب 70 کروڑ انڈین روپے کے قریب آ جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More