ڈیوس کپ، دو ٹاپ انڈین ٹینس کھلاڑیوں کا پاکستان جانے سے انکار

اردو نیوز  |  Nov 25, 2023

انڈیا کے دو ٹاپ سنگلز ٹینس کھلاڑیوں سومیت ناگل اور سسی کمار موکنڈ نے اگلے ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے کے لیے پاکستان جانے سے انکار کیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے انڈین ٹینس فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے فیصلے پر اپنی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں غور کرے گی۔

عالمی ٹینس رینکنگ میں سومیت ناگل کا نمبر 141 جبکہ سسی کمار موکنڈ کی رینکنگ 477 ہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے فروری میں کھیلے جانے والے ورلڈ گروپ ون  کے پلے آف ٹائی کے لیے اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کیا ہے لیکن انھوں نے اپنے فیصلے کی وجہ نہیں بتائی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سومیت ناگل اس لیے نہیں کھیلنا چاہتے تھے کہ میچ گراس کورٹس پر ہو گا جس پر وہ عام طور پر کھیل نہیں پاتے۔ دوسری جانب سسی کمار  کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ’ذاتی وجوہات‘ کی وجہ سے میچز نہیں کھیل رہے۔

انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق سومیت ناگل نے ٹیم انتظامیہ کو بہت پہلے بتا دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف ٹائی کے لیے ان پر غور نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ گراس کورٹ ان کی پسندیدہ نہیں جہاں وہ کھیلتے ہیں۔

موجودہ صورتحال میں انڈیا کی قیادت رام کمار رامناتھن کریں گے جو اپنے منفرد انداز کے ساتھ ٹائی کے لیے بہترین کھلاڑی ہیں۔ میچز کے فاتح سال 2024 کے لیے ورلڈ گروپ ون میں کھیلیں گے۔

انڈیا کے لیے دوسرا بہترین انتخاب ڈگوجے پرتاپ سنگھ ہوں گے جنہوں نے اس سال ستمبر میں مراکش کے خلاف ڈیوس کپ میں ڈیبیو کیا تھا۔

انڈیا کے روہن بوپنا پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں اور اپنے بہترین سنگلز کھلاڑی سومیت ناگل کے بغیر ٹائی میں انڈین ٹیم فیورٹ نہیں ہوگی حالانکہ پاکستان کی ٹینس ٹیم کے کھلاڑی عقیل خان اور اعصام الحق قریشی عمر میں کافی بڑے ہیں۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ جب قومی فرض کی بات آتی ہے تو کھلاڑیوں کو دوسری بار نہیں سوچنا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More