’اجے دیوگن اپنی فلم دیکھنے سینما گئے تو ہوا میں پیسے بھی اچھالے گئے‘

اردو نیوز  |  Nov 23, 2023

ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ عوام کے بیچ جا کر اپنے بارے میں ان کی رائے معلوم کرے اور کچھ ایسا ہی بالی وڈ کے اجے دیوگن نے اپنی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ کی ریلیز کے روز کیا تھا۔

اجے دیو گن سینما کے اندر داخل ہوئے تو فلم شروع ہو چکی تھی اور وہ چپکے سے جا کر ایک سیٹ پر بیٹھ گئے، اس کے بعد ایسا واقعہ ہوا جسے وہ آج بھی بھول نہیں پائے۔

انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق اجے دیوگن نے بدھ کو اپنی فلم ’پھول اور کانٹے‘ کی ریلیز کو 32 سال پورے ہونے پر ایک پرانا کلپ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ جب وہ سینما میں گئے تو اس کے بعد کیا ہوا تھا۔

اجے دیوگن بتا رہے ہیں کہ ’گلیکسی اور جمینی سینما گھروں میں فلم لگی تھی، جس کی ٹکٹیں بک چکی تھیں، پہلے میں پروجیکٹر روم میں بیٹھا رہا اور تھوڑی دیر بعد ہال کے اندر چلا گیا۔‘

ہال میں موجود فلم بینوں کو پتہ نہیں تھا کہ اسی فلم کا ہیرو ان کے درمیان موجود ہے۔

کلپ میں اجے دیوگن مزید بتا رہے ہیں کہ ’میں چپکے سے جا کر اگلی رو کی ایک نشست پر بیٹھ گیا۔ شائقین شوق سے فلم دیکھ رہے تھے تاہم جب ’کالج کی لڑکی‘ گانا آیا تو لوگوں نے بڑے جوش و خروش کا اظہار کیا اور ہوا میں پیسے بھی اچھالے گئے۔‘

اداکار کے مطابق ’ان میں سے کچھ سکے میرے سر پر آ کر لگے اور کچھ ادھر اُدھر گرے جن کو میں نے اکٹھا کیا اور جیب میں ڈال لیا۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by Ajay Devgn (@ajaydevgn)

’وہ میرے لیے ایک زبردست لمحہ تھا جسے بھول نہیں سکتا، بعدازاں میں ان پیسوں کو گھر لے گیا اور انہیں فریم کروا لیا۔‘اجے دیوگن نے اپنے پرانے کلپ کے ساتھ فلم پھول اور کانٹے کے پوسٹرز بھی شیئر کیے جبکہ ایک ایسا ایموجی بھی شامل تھا جس میں پھولوں اور کانٹوں کا امتزاج دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھا ’32 سال‘

ایک ہفتہ قبل فلم ’سنگھم اگین‘ بنانے والی ٹیم کی جانب سے فلم کا نیا پوسٹر شیئر کیا گیا تھا جو اجے دیوگن کی نئی فلم ہوگی، جس میں اجے دیوگن غصے میں دکھائی دے رہے ہیں اور ان کے ساتھ ایک دھاڑتے شیر کی تصویر بھی لگائی گئی ہے۔

پوسٹر پر اجے دیوگن نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ طاقت ور اور خطرناک ہے، سنگھم پھر سے دھاڑے گا۔‘

فلم میکر روہیت شیٹھی نے اس پوسٹر کچھ یوں تبصرہ کیا کہ ’شیر آتنک مچاتا ہے اور زخمی شیر تباہی، سب کا پسندیدہ پولیس والا، سنگھم واپس آ گیا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More