پاکستانی کھلاڑی سمجھتے ہیں صرف وہ ہی بہترین ہیں: محمد شامی

اردو نیوز  |  Nov 23, 2023

انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ صرف وہ ہی بہترین ہیں۔

محمد شامی نے ورلڈ کپ کے بعد معروف سپورٹس برینڈ ’پُوما‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ’میں ورلڈ کپ کے آغاز کے میچوں میں نہیں کھیل رہا تھا۔‘

’جب میں کھیلا تو میں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، اس سے اگلے میچ میں چار اور پھر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’تو اب میں کیا کر سکتا ہوں کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کو یہ بات (یعنی اُن کی کارکردگی) ہضم نہیں ہو رہی تو؟‘

انڈین پیسر نے مزید کہا کہ ’پاکستانی کھلاڑی سمجھتے ہیں کہ صرف وہ ہی بہترین ہیں۔ بہترین وہ ہوتے ہیں جو صحیح وقت پر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جو محنت کرتے ہیں اور ٹیم کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔‘

محمد شامی نے سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا کی جانب سے انڈیا پر گیند کی تبدیلی کے الزام کے بارے میں کہا کہ ’اب آپ تنازعات پیدا کر رہے ہیں کہ ہم لوگوں کو مختلف رنگ کی گیند دی جاتی ہے۔‘

’الزام لگایا گیا کہ ہمیں کسی دوسری کمپنی کی گیند دی جا رہی ہے۔ آئی سی سی کے پاس الگ الگ گیندیں ہیں۔ بھائی، کچھ خیال کرو۔‘

دوسری جانب حسن رضا کی جانب سے ان الزامات کے جواب میں لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ ’بے عزتی اپنی تو کرانی ہی کرانی ہے، ہماری تو نہ کراؤ پوری دنیا میں۔‘

محمد شامی نے وسیم اکرم کے اس تبصرے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہی بات وسیم بھائی نے انٹرویو میں کہی تھی کہ کیسے گیندیں ڈبے میں آتی ہیں، کیسے اُن میں سے پھر کسی ایک گیند کا انتخاب کیا جاتا ہے، کون سی ٹیم انتخاب کرتی ہے۔‘

’اگر آپ نے اس سطح پر نہ کھیلا ہو تو پھر تو ایسی باتوں کی سمجھ آتی ہے لیکن اگر آپ ایک سابق کھلاڑی ہیں اور آپ ایسی باتیں کرتے ہیں تو میرا نہیں خیال کہ لوگ آپ پر ہنسنے کے علاوہ کچھ اور کریں گے۔‘

خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں محمد شامی نے سب سے زیادہ 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More