انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا کی جانب سے دیے گئے 398 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔اب سے کچھ دیر پہلے تک نیوزی لینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 14.2 اوورز میں 81 رنز بنا لیے تھے۔بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل نے انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔انڈیا کی جانب سے وراٹ کوہلی 117 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شریاس ایئر نے 105 اور شبھمن گِل نے 80 رنز سکور کیے۔نیوزی لینڈ کی طرف بولنگ کرتے ہوئے سے ٹم ساؤتھی نے تین اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔انڈیا نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ کیا اور کپتان روہت شرما نے کیوی بولروں کی خوب دھلائی کی۔پاور پلے کے آغاز میں ہی کیوی بولرز مکمل دباؤ میں نظر آئے جس کا روہت شرما نے خوب فائدہ اٹھایا اور وہ آسانی سے چھکے اور چوکے لگاتے رہے۔جب روہت شرما کی بیٹنگ نیوزی لینڈ کے لیے خطرہ ثابت ہونے لگی تو ٹم ساؤتھی کی گیند پر روہت شرما اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کین ولیمسن کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہو گئے۔روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شبھمن گِل اور وراٹ کوہلی کے درمیان 93 رنز کی عمدہ شراکت دیکھنے میں آئی اور کیوی بیٹرز کو شبھمن گِل آسانی سے کھیلنے لگے۔شبھمن گِل نے 65 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 79 بنائے تاہم وہ 23 اوور کی چوتھی گیند پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تاہم وہ ایک مرتبہ پھر اننگز کے آخری اوور میں بیٹںگ کرنے آئے اور صرف ایک رن بنا سکے۔شریاس ایئر نے نیوزی لینڈ کے خلاف 70 گیندوں پر 105 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی/گیٹی امیجز)شبھمن گِل کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد بھی انڈین بلے بازوں کا کیوی بولروں پر لاٹھی چارج جاری رہا اور وراٹ کوہلی اور شریاس ایئر کے درمیان 128 گیندوں پر 163 رنز کی دلکش شراکت دیکھنے کو ملی۔وراٹ کوہلی نے کیوی بولروں کی ایک نہ چلنے دی اور وانکھیڈے سٹیڈیم میں انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 50ویں سینچری سکور کر کے سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔وراٹ کوہلی 113 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے خلاف شریاس ایئر نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے اور کیوی بولروں کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔نیوزی لیںڈ کو میچ میں تیسری کامیابی 49ویں اوور کی پانچویں گیند پر ملی جب شریاس ایئر 105 کے سکور پر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ڈیرل مچل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔انڈین بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث نیوزی لینڈ کے بولرز اور فیلڈرز شدید دباؤ میں نظر آئے (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)نیوزی لینڈ کو چوتھی وکٹ سوریا کمار یادو کی ملی جب وہ ٹم ساؤتھی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں صرف 1 رن پر گلین فلپس کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے۔ انڈیا 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کا کوئی ناک آؤٹ میچ کھیل رہا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم لگاتار چوتھی مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جلوہ گر ہو رہی ہے۔اگر نیوزی لینڈ اس سیمی فائنل میں انڈیا کو ہرانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس طرح نیوزی لینڈ لگاتار تیسری مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ جائے گئی جبکہ یہ انڈیا کی ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مسلسل تیسری ہار ہو گی۔دوسری جانب اگر انڈیا اس سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو 2011 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی مرتبہ انڈین ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو 18 رنز سے شکست دے دی تھی۔سیمی فائنل میں شبھمن گِل نے نیوزی لینڈ کے خلاف اہم نصف سینچری سکور کرتے ہوئے 80 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)یہاں واضح رہے 2019 کے ورلڈ کپ کی طرح اس مرتبہ بھی دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں پانچ مرتبہ نیوزی لینڈ جبکہ پانچ مرتبہ انڈیا کو جیت حاصل ہوئی۔اسی طرح نیوزی لینڈ اور انڈیا ون ڈے میچوں میں اب تک 117 مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں جس میں 59 مرتبہ انڈین ٹیم جبکہ 50 مرتبہ کیویز نے میدان مارا جبکہ ایک میچ برابر اور سات میچ بغیر نتیجہ رہے۔پہلے سیمی فائنل کے دوران ممبئی میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی ہے اور میچ کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں ڈیوون کونوے، رَچن رویندرا، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔انڈیا کی پلیئنگ الیوناس میچ کے لیے انڈیا کی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، جسپریت بمراہ، محمد شامی، کلدیپ یادو اور محمد سراج شامل ہیں۔