انگلینڈ کا 338 کا ہدف، پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی ناممکن

اردو نیوز  |  Nov 11, 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے جیت کے لیے پاکستان کو 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔

سنیچر کو کوکلتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔ انگلینڈ نے بین سٹوکس کے 84، جو روٹ کے 60 اور جونی بیئرسٹو کے 59 رنز کی بدولت 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اس وقت ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے بعد پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جو کرنا ہو گا وہ ناممکن نظر آتا ہے۔

پاکستان کو انگلینڈ کی جانب سے 338 رنز کا ہدف 6.1 ایک اوورز میں حاصل کرنا ہو گا۔

آج کے میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستان نے حسن علی کی جگہ شاداب خان کو شامل کیا ہے۔

انگلینڈ کی اننگزانگلیڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور جونی بیئرسٹو نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ ابتدائی اوورز میں پاکستان بولرز نے عمدہ بولنگ کی اور انگلینڈ کے اوپنرز کو دفاعی پوزیشن میں رکھا، خاص کر شاہین شاہ آفریدی کے پہلے تین اوورز نہایت عمدہ رہے۔ 

دوسری اینڈ سے بولنگ کرنے والے حارث رؤف ورلڈ کپ کے اپنے آخری میچ میں بھی لائن و لینتھ کی تلاش میں نظر آئے۔ حارث نے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے پہلے میچ سے جس بری کارکردگی کا مظاہرہ شروع کیا تھا وہ آج کے میچ میں بھی ان کے ابتدائی تین اوورز میں دکھائی دی۔ اس ٹورنامنٹ میں وہ اپنے ناقدین کی یہ بات سچ کرتے نظر آئے کہ وہ صرف چار اوورز (ٹی20) کے بولر ہیں اور مسلسل ایک لائن و لینتھ پر بولنگ نہیں کر سکتے۔ 

شاہین جس طرح بولنگ کر رہے تھے، انگلینڈ کے اوپنرز دباؤ میں نظر آئے لیکن پھر حارث نے ایک اوور میں تین چوکے کھا کر وہ سارا دباؤ پاکستان پر منتقل کر دیا۔ ڈیوڈ ملان اور جونی بیئرسٹو نے کئی دلکش چوکے لگائے، دونوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد ملان 31 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔

بیئرسٹو نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 61 گیندوں پر 59 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ پکڑا بیٹھے۔

اوپنرز کی جانب سے عمدہ آغاز کا انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر نے بھرپور فائدہ اٹھایا، اور جو روٹ اور بین سٹوکس کی عمدہ بیٹنگ سے پاکستان دفاعی پوزیشن پر رہا۔ سٹوکس جنہوں نے گذشتہ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سینچری سکور کی تھی، آج بھی بھرپور فارم میں نظر آئے اور پاکستانی بولرز پر خوب لاٹھی چارج کیا۔ ان کی جو روٹ کے ساتھ 132 رنز کی شراکت داری بنی پر وہ بدقسمتی سے سینچری نہ بنا سکے اور 76 گیندوں پر 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کو آج پھر درمیان کے بولرز میں ایک ایسے سپنر کی ضرورت محسوس ہوئی جو ٹیم کو وکٹیں دلا سکے۔

شاہین شاہ آفریدی جو آج کافی اچھے ردھم میں تھے انہوں نے سیٹ بے باز جو روٹ کو بھی پویلین واپس بھیجا۔ روٹ کی ان کی سلو گیند کو کھیلنے میں ناکام رہے اور 72 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دونوں سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی انگلینڈ کے بیٹرز نے جارحانہ انداز نہ چھوڑا۔ جوز بٹلر اور ہیری بروک نے شاندار باؤنڈریز لگائیں۔ شاہین جو نو اوورز تک اچھی بولنگ کر چکے تھے اپنے آخری اوور میں یارکرز کرنے کی کوشش میں دو چھکے کھا بیٹھے۔ 

انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک تھے۔ وہ 17 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔ اس سے اگلے اوور میں حارث کی ایک عمدہ تھرو پر بٹلر بھی رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 27 رنز بنائے۔

حارث رؤف جنہوں نے اپنے پہلے تین اوورز میں 31 رنز دیے تھے، اپنے دوسرے اور تیسرے سپیل میں ایک مختلف بولر نظر آئے۔ انہوں نے معین علی کو بولڈ کر کے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔

50ویں اوور میں ڈیوڈ ولی نے محمد وسیم جونیئر کو دو چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن اس کے بعد وسیم نے ولی کو کیچ آؤٹ کر دیا۔ اس سے اگلی بال پر انہوں نے گس اکینسن کو بولڈ کر دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More