فلم کا سین نہیں بلکہ حقیقت۔۔ 2 کھڑکیوں کے بغیر جہاز 15 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچا تو کیا ہوا؟

ہماری ویب  |  Nov 11, 2023

فلموں میں خوفناک مناظر پیش کرنے کیلئے اکثر جہازوں کو جھولتا ہوا دکھانے کیلئے کھڑکیاں کھول دی جاتی ہیں جس سے مسافروں میں خوف کی لہر پیدا ہوتی ہے تاہم اگر آپ جہاز میں سفر کررہے ہوں اور ہزاروں فٹ کی بلندی پر جاکر معلوم ہوکہ جہاز میں حقیقت میں  2 کھڑکیاں نہیں ہیں تو آپ کو یقیناً خوف محسوس ہوگا۔

ایسا ایک حقیقی واقعہ لندن سے امریکا کے لیے روانہ ہونے والے ائیر بس اے 321 طیارہ کے ساڑھے 14 ہزار فٹ بلندی پر جاکر پیش آیا جب عملے کو معلوم ہوا کہ جہاز کی تو 2 کھڑکیاں ہی غائب ہیں۔

چارٹرڈ کمپنی کا یہ طیارہ عملے کے 11 افراد اور 9 مسافروں کو لے کر 4 اکتوبر کو لندن ائیرپورٹ سے امریکی شہر اورلینڈو کے لیے روانہ ہوا تھا۔پرواز سے ایک دن قبل اس طیارے کو ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

طیارہ ساڑھے 14 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچا تو عملے کے ایک فرد نے دیکھا کہ ایک کھڑکی اپنی جگہ سے اکھڑی ہوئی ہے اور ہوا کی گونج کیبن میں پھیل رہی ہے۔اس کے بعد عملے نے طیارے کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ 2 کھڑکیاں اپنی جگہ موجود نہیں۔

کھڑکیاں غائب ہونے کا معلوم ہو تے ہی پائلٹ طیارے کو نیچے لے گئے اور اس کا رخ واپس لندن کی جانب موڑ دیا۔ائیر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ کے مطابق خوش قسمتی سے طیارے اور اس میں موجود افراد کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا، کیونکہ کیبن کا پریشر متاثر نہیں ہوا تھا۔

اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے دریافت کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کھڑکیوں کو نقصان پہنچا تھا۔ٹیم کے مطابق طیارے کو اس وجہ سے سنگین نقصان بھی پہنچ سکتا تھا مگر خوش قسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔اس واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ اب جاری کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ فضاء میں جہاز کا وزن انتہائی کم ہوجاتا ہے اور کئی بار ہوا میں پرندوں کے ٹکرانے سے بھی جہازوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جبکہ کھڑکیاں نہ ہونے کی وجہ سے جہاز کے اندر ہوا کا دباؤ بڑھنے سے کوئی بھی حادثہ پیش آسکتا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More