انڈیا ہمارا دوسرا گھر، ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر خوشی ہوئی: افغان کپتان

اردو نیوز  |  Nov 10, 2023

افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم کو شکست دینے پر انہیں خوشی ہے اور وہ اس جیت سے لُطف اندوز ہوئے ہیں۔

انڈین میڈیا آؤٹ لیٹ ’دا پرنٹ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’جیت تو جیت ہوتی ہے لیکن پاکستان کے خلاف جیت نے ہمیں ایک الگ طرح کی خوشی دی۔‘

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’ورلڈ کپ سے قبل ہم نے پاکستان کے خلاف کئی میچز کھیلے اور وہ ہمیشہ آخری لمحوں میں ہم سے جیت چھین لیتے تھے اور یہ تقریباً آٹھ، نو برسوں سے ہو رہا ہے۔ ان کو اب شکست دے کر ہمیں کافی لُطف آیا۔‘

خیال رہے افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں آٹھ میچ کھیل چکی ہے جس میں سے چار میچوں میں انہوں نے پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا اور نیدرلینڈز کو شکست دی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اُن کے آٹھ پوائنٹس ہیں لیکن اُن کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل نظر آتی ہے کیونکہ انہیں اپنے آخری لیگ میچ میں جنوبی افریقہ کو 438 رنز سے شکست دینا ہوگی۔

انگلینڈ کے خلاف افغانستان کی جیت کے حوالے سے حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو ایمانداری سے بتا رہا ہوں کہ جب ہم نے انگلینڈ کو شکست دی تو میں خوشی کی وجہ سے رو پڑا تھا۔‘

انڈیا میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو ملنے والی سپورٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں افغان کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس ملک میں بہت زیادہ سپورٹ ملتی ہے۔ انڈیا ہمارے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے۔ جب ہم یہاں آتے ہیں تو ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہم افغانستان میں ہی ہیں۔‘

انہوں نے انڈیا میں رہائش کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی کچھ دن پہلے میں پونے میں ایک ٹیکسی منگوائی اور جب ڈرائیور کو معلوم ہوا کہ میں کہ افغانستان سے ہوں تو اس نے مجھ سے پیسے نہیں لیے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More