سردی کا موسم جہاں بہت سے لوگوں کیلئے خوشیاں لے کر آتا ہے وہیں کچھ لوگ سردی میں جوڑوں کے درد کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہوجاتے ہیں لیکن اس ٹوٹکے کے استعمال سے آپ کی بڑی مشکل آسان ہونے والی ہے۔
کراچی کے مشہور حکیم شاہ نذیر کا کہنا ہے کہ سردیوں میں درجہ حرارت کا گرنا پٹھوں کے کھچاؤ کا باعث بن سکتا ہے جس کے نتیجے میں پٹھوں میں سختی اور جوڑوں میں درد ہو سکتا ہے۔
حکیم شاہ نذیر کے مطابق سردیوں میں لوگوں کا دھوپ میں نکلنے کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی بھی جوڑوں اور ہڈیوں میں درد کا سبب بنتی ہے، سردی میں جوڑوں کے درد سے پریشان لوگوں کیلئے حکیم شاہ نذیر نے آسان نسخہ اور تیل بنانے کا طریقہ بھی بتایا جسے استعمال کرکے اس درد سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔آپ کو بھی وہ طریقہ بتاتے ہیں۔
درد سے بچاؤ کا سفوف بنانے کیلئےآپ کو چاہیے ،اسگندھ ناگوری پاوڈر : 50 گرام، ستاوری کا پاوڈر : 50 گرام، جڑ الائچی پاؤڈر: 50 گرام، سورنجان شیریں کا پاؤڈر : 20 گرام۔
حکیم شاہ نذیر کہتے ہیں کہ ان تمام پاؤڈرز کو ملاکر رکھ لیں اور ایک چمچ صبح شام دودھ یا پانی سے لیں، اس کے کوئی مضر اثرات نہیں، ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض بھی اسے بلا خوف خطر استعمال کرسکتے ہیں۔
حکیم شاہ نذیر خصوصی پین کلر آئل بنانے کا طریقہ بھی بتاتے ہیں، کسی بھی پنساری سے 50 ملی لیٹر روغن سورنجان اور روغن جاوا 50 ملی لیٹر لے لیں اور ان دونوں کو ایک کانچ کی بوتل میں مکس کرکے ایک گھنٹے کیلئے دھوپ میں رکھ لیں تیل تیار ہے۔پورے جسم میں کہیں بھی جوڑوں یا پٹھوں کا درد ہو پانچ منٹ کیلئے اس تیل سے مساج کریں درد فوری بھاگ جائے گا۔