کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ: اینجلو میتھیوز ’ٹائمڈ آؤٹ‘ ہوگئے

اردو نیوز  |  Nov 07, 2023

بین الاقوامی کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں پہلا اور اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ سری لنکن آل راؤنڈر اور سابق کپتان اینجلو میتھیوز کو وقت پر وکٹ پر نہ پہنچنے کے باعث ’ٹائمڈ آؤٹ‘ کر دیا گیا۔ 

اینجلو میتھیوز پیر کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ 2023 کے میچ کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ 

قانون کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد نئے بیٹسمین کو تین منٹ کے اندر وکٹ پر پہنچنا ہوتا ہے لیکن اینجلو میتھیوز ایسا کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے انہیں ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا گیا۔  

تفصیلات کے مطابق بیٹنگ کے لیے باہر نکلتے ہی میتھیوز کے ہیلمٹ کا سٹریپ ٹوٹ گیا۔ جب وہ متبادل کا انتظار کر رہے تھے تو شکیب نے اپیل کر دی اور میتھیوز کو آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ جب ایک بار شکیب الحسن نے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تو امپائر کچھ نہیں کر سکتے تھے۔ 

شکیب الحسن کے سدیرا سمارا وکرما کو آؤٹ کرنے کے بعد میتھیوز بیٹنگ کے لیے آئے تھے۔ سدیرا سمارا وکرما نے 42 گیندوں پر 41 رنز بنائے تھے۔

ایم سی سی رول بُک کے مطابق بیٹسمین کو تین منٹ کے اندر وکٹ پر پہنچنا ہوتا ہے، اگر بیٹر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو آنے والا بلے باز آؤٹ ہو جائے گا، ٹائمڈ آؤٹ ہو جائے گا۔ 

اس سے قبل ایسا صرف فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھ مرتبہ ہو چکا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی بار ہوا ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More