ورلڈ کپ: نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دے دیا

اردو نیوز  |  Nov 03, 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 34 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

جمعے کو لکھنؤ کے اکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کے غلط ثابت ہوا جس کے بعد پوری ڈَچ ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے سائی برینڈ اینجل بریکٹ نے 58، میکس او ڈاؤڈ نے 42 جبکہ کولن ایکرمین نے 29 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے محمد نبی نے تین اور نور احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیدرلینڈز کے چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

اکانا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں ساتواں میچ ہے۔

اس سے پہلے افغانستان کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں چھ میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے تین میں جیت اور تین میں ہار حاصل ہوئی۔

اسی طرح ڈَچ ٹیم نے بھی میگا ایونٹ میں چھ میچ کھیلے ہیں جس میں اسے دو میچوں میں فتح اور چار میں شکست ملی ہے۔

اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون میچوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو افغانستان اور نیدرلینڈز اب تک ایک دوسرے کے خلاف 9 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جس میں 7 مرتبہ افغان اور 2 مرتبہ ڈَچ ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی۔

اس میچ کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم لکھنؤ میں فضائی آلودگی کی شرح کی 150 سے 250 کے اے کیو آئی کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے۔

دوسری جانب یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے اور دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے اس میچ کو جیتنا لازمی ہوگا۔

ورلڈ کپ کے پوائںٹس ٹیبل پر افغانستان 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ نیدرلینڈز 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہے۔

افغانستان کی پلیئنگ الیون

افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شہیدی (کپتان)، محمد نبی، اکرام علی خِیل (وکٹ کیپر)، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔

نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون

نیدرلینڈز کی ٹیم میں ویسلی بریسی، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، سائی برینڈ اینجل بریکٹ، سکاٹ ایڈورڈز (کپتان، وکٹ کیپر)، باس ڈی لیڈے، ثاقب ذوالفقار، لوگان وین بِیک، روولوف فین ڈر مروا، اریان دت اور پاؤل وین مِیکیرین شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More