کرکٹ ورلڈ کپ: پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورت حال، کون سی ٹیم کہاں کھڑی ہے؟

اردو نیوز  |  Nov 03, 2023

کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں سری لنکا کو ہرانے کے بعد انڈیا سات میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پہلی پوزیشن پر آگیا ہے، جبکہ پاکستان سات میں سے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

انڈیا کے بعد جنوبی افریقہ نے چھ میچز جیتے ہیں اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا نے چھ میں سے چار میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

 نیوزی لینڈ نے سات میں سے چار میچز جیتے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ پاکستان سات میں سے تین میچز میں فتح حاصل کر کے 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

 افغانستان نے چھ میں تین میچز جیتے ہیں اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ سری لنکا سات میں سے دو میچ جیت کر 4 پوائٹنس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

 نیدرلینڈز نے چھ میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کا 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھواں نمبر ہے، جبکہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش دو دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کے کیا امکانات ہیں؟

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میگا ایونٹ میں دو دو میچز باقی ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 4 نومبر کو بنگلورو میں میچ کھیلیں گی۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے ہر صورت اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔ پاکستانی مداحوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سری لنکا کی فتح کے لیے دعا کرنا ہوگی۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ اپنے باقی دو میچوں میں سے ایک میچ جیتتا ہے اور پاکستان دونوں میچز جیت جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔

پاکستان 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)یہاں واضح رہے کہ پاکستان نے میگا ایونٹ کے گروپ مرحلے میں اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کولکتہ میں کھیلنا ہے۔

اسی طرح پاکستان کے سیمی فائنل میں جانے کا ایک اور راستہ یہ ہے کہ آسٹریلیا اپنے باقی تینوں میچز ہار جائے اور پاکستان اپنے باقی دونوں میچز میں ہر صورت کامیابی حاصل کرے۔

اگر آسٹریلیا اپنے باقی تین میچوں میں سے دو میچز ہار جاتا ہے اور ایک میچ میں فتح حاصل کرتا ہے اور پاکستان اپنے باقی دونوں میچز جیت لیتا ہے تو کینگروز اور گرین شرٹس کے درمیان سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد ہر ہوگا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے اپنے آخری تین میچز بالترتیب انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More