ورلڈ کپ میں انڈیا ناقابل شکست: 358 کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم 55 رنز پر ڈھیر

اردو نیوز  |  Nov 02, 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو 302 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

انڈیا کی جانب سے دیے گئے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انڈین فاسٹ بولرز محمد شامی اور محمد سراج کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوگئی۔ سری لنکا کے پانچ بلے باز کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جب کہ دو بیٹر ایک ایک رنز بناکر کر آؤٹ ہوئے۔

اینجلیو میتھیوز 12، مہیش تھکشانا 14اور کاسن رجیتھا 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل جمعرات کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انڈیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے شبھمن گِل 92 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے جب کہ اُن کے علاوہ وراٹ کوہلی نے 88 اور شریاس ایئر نے 82 رنز سکور کیے۔

سری لنکا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے دلشان مدھوشنکا نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ میں ساتواں میچ تھا۔

میچ کے لیے سری لنکا نے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی تھی۔

دھننجایا ڈی سِلوا کی جگہ دوشان ہمانتھا کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ انڈیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

Captionانڈین ٹیم ورلڈ کپ میں سات میچ کھیل کر ناقابل شکست ہے۔ سری لنکا کو سات میچوں میں سے صرف  دو میں فتح حاصل ہوئی۔

دونوں ٹیمیں اب تک ون ڈے ورلڈ کپ میں 10 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں 5 مرتبہ انڈیا اور 4 مرتبہ سری لنکا کو جیت حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

انڈیا کی پلیئنگ الیون

انڈیا کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، محمد شامی، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو اور محمد سراج شامل ہیں۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیون

سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نشانکا، دیمُتھ کرونارتنے، کوشل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، سدیرا سماراوِکاراما، چاریتھ اسالانکا، انجلیو میتھیوز، دوشان ہیمانتھا، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا، کاسُن راجیتھا اور دلشان مدھوشنکا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More