بریانی، کباب اور چانپیں، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کولکتہ میں کیا کھا رہے ہیں؟

اردو نیوز  |  Oct 31, 2023

پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے کولکتہ میں موجود ہے اور نہ صرف ٹیم کے کھلاڑی وہاں اہم مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں بلکہ کھانوں سے بھی لُطف اندوز ہو رہے ہیں۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اتوار کی رات پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے ہوٹل کے کھانے کے بجائے باہر سے کولکتہ کی مشہور بریانی، کباب اور چانپیں آن لائن آرڈر کرنے کو ترجیح دی۔

کولکتہ کے زم زم ریستوران کے ڈائریکٹر شادمان فیضی نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ پہلے تو انہیں یہ علم ہی نہیں تھا کہ انہیں موصول ہونے والے کھانے کا آرڈر پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی طرف سے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ آرڈر ایک آن لائن ڈیلیوری پلیٹ فارم کے ذریعے دیا گیا تھا۔ انہوں نے تین کھانے بریانی، کباب اور چانپیں آرڈر کیں۔‘

ریستوران کے ڈائریکٹر کے مطابق انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی طرف سے یہ آرڈر اتوار کی رات سات بجے موصول ہوا تھا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’شروع میں تو ہمیں علم ہی نہیں تھا کہ یہ آرڈر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی طرف سے ہے لیکن ہمیں یہ بعد میں معلوم ہوا۔‘

شادمان فیضی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو اُن کے ریستوران کا کھانا پسند آیا ہو۔

’ہر قوم کے لوگوں کو آنا چاہیے اور ہمارا کھانا چکھنا چاہیے۔ کولکتہ کی بریانی کا اپنا الگ مزہ ہے جو کہ دُنیا بھر میں مشہور ہے۔‘

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور ورلڈ کپ میں مسلسل چار شکستوں کے بعد گرین شرٹس کے لیے یہ میچ جیتا ضروری ہے ورنہ وہ میگا ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 38 ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جس میں 33 مرتبہ پاکستان اور 5 مرتبہ بنگلہ دیش نے کامیابی حاصل کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More