ورلڈ کپ: گرین شرٹس کی عمدہ بولنگ، بنگلہ دیش کی تین وکٹیں گر گئیں

اردو نیوز  |  Oct 31, 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل تک بنگلہ دیش نے آٹھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنائے ہیں۔ وکٹ پر لٹن داس اور محموداللہ موجود ہیں۔

منگل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ امام الحق کی جگہ فخز زمان، شاداب خان کی جگہ اُسامہ میر اور محمد نواز کی جگہ آغا سلمان کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس میچ میں پاکستان کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے ہر صورت کامیابی حاصل کرنی ہو گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم یہ میچ ایک ایسے وقت میں کھیل رہی ہے جب ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق گذشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اور کپتان بابر اعظم کے واٹس ایپ کے سکرین شارٹ پاکستانی میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

بنگلہ دیش کی اننگزبنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن اور لٹن داس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن آج شاہین شاہ آفریدی اپنے پرانے روپ میں نظر آئے اور میچ کے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر انہوں نے تنزید کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔

شاہین آج اپنے پہلے اوور سے ہی ردھم میں نظر آئے اور اس کا فائدہ انہوں نے اپنے اگلے اوور میں بھی اٹھایا اور نجم الحسین شانتو کو کیچ آؤٹ کر دیا۔

شاہین شاہ آفریدی جہاں ایک طرف عمدہ بولنگ کر رہے تھے وہیں بابر اعظم نے پہلا بولنگ چینج کرتے ہوئے گیند حارث رؤف کو پکڑا دیا۔

حارث جو تاحال ٹورنامنٹ میں لائن و لینتھ کی تلاش میں ہیں، ان کی پہلی دو گیندوں پر لٹن داس نے دو دلکش چوکے لگائے۔ لگ رہا تھا کہ حارث کو اوور دینے کا فیصلہ غلط ہے اور وہ شاہین کا بنایا سارا دباؤ ختم کرا دیں گے۔ اس سوچ پر مشفیق الرحیم نے ایک چوکا لگا کر یقین کی مہر بھی ثبت کی لیکن آخری قہقہ حارث رؤف نے لگاتے ہوئے مشفیق کو کیچ آؤٹ کر دیا۔

’بیٹرز کے لیے مشکل پچ‘پچ کی بات کی جائے تو سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کے مطابق وکٹ کے بیچ میں تھوڑی گھاس موجود ہے لیکن پچ کافی خشک ہے۔ یہاں پر کریکس ہیں اور بال ٹرن کرے گا جس کی وجہ سے بیٹرز کے لیے کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔دونوں ٹیمیں آج میگا ایونٹ میں اپنا ساتواں میچ کھیلیں گی۔

اس سے قبل پاکستان نے ورلڈ کپ میں چھ میچ کھیلے ہیں جس میں گرین شرٹس کو چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دو میچوں میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

اسی طرح بنگلہ دیش نے بھی میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں پانچ میں شکست اور صرف ایک میچ میں فتح حاصل ہوئی ہے۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں اب تک 36 ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جس میں 21 مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو جیت حاصل ہوئی جبکہ 14 مرتبہ فتح پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کے مقدر میں آئی۔

اگر ان اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو اس سے یہ گمان کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کرنا زیادہ پسند کرے گی۔

اس کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 38 ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جس میں 33 مرتبہ پاکستان اور 5 مرتبہ بنگلہ دیش نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اسی طرح دونوں ٹیمیں ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک دو مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں جس میں ایک مرتبہ گرین شرٹس اور ایک مرتبہ بنگال ٹائیگرز نے جیت حاصل کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More