ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح، آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Oct 26, 2023

انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح اپنے نام کر لی ہے۔

بدھ کو دہلی میں نیدرلینڈز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی ٹیم نے 399 رنز بنائے تھے۔ کینگروز کی جانب سے گلین میکس ویل نے 44 گیندوں پر 106 رنز بنائے اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں 40 گیندوں پر تیز ترین سینچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ان کے علاوہ ڈیوڈ وارنر نے 93 گیندوں پر 104 اور مارنس لبوشین نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے 10 اوورز میں 74 رنز دے کر چار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیدرلینڈز کی ٹیم 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی آسٹریلوی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم صرف 21 اوورز میں 90 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے سب سے زیادہ 25 رنز اُن کے اوپننگ بیٹر وِکرمجیت جیت سنگھ نے بنائے۔

آسٹریلیا کے لیگ سپنر ایڈم زمپا نے چار اور مچل مارش نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سٹارک، جوش ہیزلوڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

گلین میکس ویل کو ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سینچری سکور کرنے پر پلیئر آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More