دیپیکا پڈوکون ’سنگھم اگین‘ میں شکتی سیٹھی کا کردار نبھائیں گی

اردو نیوز  |  Oct 16, 2023

بالی وڈ کی مشہور اداکارہ دیپیکا پڈوکون ’سنگھم اگین‘ میں اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اتوار کو دپیکا پڈوکون نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ہدایت کار روہت شیٹھی کی فلم کی دو تصویریں شیئر کیں۔ ان تصاویر میں وہ پولیس یونیفارم میں پستول کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’شکتی سیٹھی سنگھم اگین میں جلوہ گر ہو رہی ہے۔‘

دیپیکا کے اس نئے کردار پر کئی سلیبریٹیز نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ اداکار رنویر سنگھ نے انہیں ’لیڈی سنگھم‘ کا نام دیا۔

ایک تصویر میں دیپیکا پڈوکون ایک شخص کو اس کے بالوں سے پکڑے اس کے منہ میں پستول ڈالے قہقہ لگاتے نظر آ رہی ہیں۔ جبکہ پس منظر میں بہت سی لاشیں اور تباہ شدہ گاڑیاں ہیں اور ایک عمارت میں آگ لگی ہوئی ہے۔

ان کے شوہر اور اداکار رنویر سنگھ نے اپنی اہلیہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’آگ لگا دے گی۔‘

اداکارہ جھانوی کپور نے بھی کئی ایموجیز کے ساتھ کمنٹ کیا۔ عالیہ بھٹ نے بھی کئی آگ کے ایموجیز کے ساتھ کمنٹ کیا۔

    View this post on Instagram           A post shared by दीपिका पादुकोण (@deepikapadukone)

رواں برس اگست میں بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دیپیکا فلم میں ایک اہم کردار نبھائیں گی۔

ایک سورس کے مطابق ’دیپیکا پڈوکون روہت شیٹھی کی سنگھم اگین کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ وہ روہت شیٹھی کی کئی فلموں پر مشتمل اس سیریز میں پہلی خاتون پولیس افسر کا کردار ادا کریں گی۔‘

گذشتہ برس ہدایت کار روہت شیٹھی نے بھی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ دیپیکا پڈوکون ان کی آنے والی فلم ’سنگھم اگین‘ میں نظر آئیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More