شاہ رخ نے ویراٹ کوہلی کو اپنا داماد کیوں کہا؟

بی بی سی اردو  |  Sep 29, 2023

Getty Images

بالی وڈ سپرسٹار شاہ رخ خان اپنی خاصر دماغی کے لیے مشہور ہیں۔ شاہ رخ کی طرف سے کہی گئی دلچسپ باتیں یا جواب اکثر سوشل میڈیا پر زیر بحث آتے ہیں۔

بدھ کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شاہ رخ خان کو ایک بار پھر اسی روپ میں دیکھا گیا۔

شاہ رخ کی جانب سے ایکس پر شروع کیے گئے ہیش ٹیگ ’آسک ایس آر کے‘ پر مداحوں نے ان سے کئی سوالات اور باتیں کہیں۔

ان سوالات پر شاہ رخ کی جانب سے دلچسپ جواب دیکھنے کو ملے۔ شاہ رخ نے ویراٹ کوہلی سے لے کر اپنی نئی فلم جوان کی کمائی اور دیگر کئی سوالات پر لوگوں کو جواب دیا۔

ایک مداح نے شاہ رخ سے کہا کہ وہ فلم جوان میں اپنے کردار کے انداز میں ویراٹ کوہلی کے بارے میں کچھ کہیں تو بالی وڈ کنگ خان نے جواب میں کہا کہ ’میں ویراٹ سے محبت کرتا ہوں۔ وہ جیسے میرا اپنا ہے۔ میں ہمیشہ ویراٹ کے لیے دعا کرتا ہوں۔ ہمارا بھائی داماد جیسا ہے۔‘

https://twitter.com/iamsrk/status/1706999330144715194

شاید اس کی وجہ ان کی انوشکا اور ویراٹ سے دوستی ہے لیکن اس بارے میں ہم آگے چل کر بات کریں گے پہلے یہ جانتے ہیں کہ بالی وڈ کنگ نے مداحوں کو اور کیا کیا جواب دیے۔

وسیم نامی صارف نے ان سے ان کی نئی فلم ’جوان‘ کی کامیابی پر باکس آفس کمائی پوچھی تو اس پر شاہ رخ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’خاموش بیٹھو اور بس گنتے رہو۔ گنتی پر توجہ نہ چھوڑیں۔‘

ایک اور صارف نے ان سے ایک ذاتی نوعیت کا سوال پوچھا کہ کیا آپ اپنے بالوں میں خضاب لگاتے ہیں؟ جس پر شاہ رخ نے کچھ یوں جواب دیا ’ہاں، تھوڑا سا، درحقیقت تھوڑا سا زیادہ۔

ایک صارف نے شاہ رخ خان سے کہا کہ ’سر میں اپنی گرل فرینڈ سے شادی کرنا چاہتا ہوں، آپمیرا رشتہ اس کے گھر لے جائیں۔‘

جس پر شاہ رخ نے اسے تنگ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھائی اگر میں رشتہ لے کر گیا تو آپ کی پریشانی مزید بڑھ جائے گی کیونکہ میرے جانے سے آپ کا پتا کٹ جائے گا۔‘

Getty Images

کانہا نامی صارف نے پوچھاکہ کیا سلمان خان کی فلم’ٹائیگر 3 میں آپ انٹرول سے پہلے آئیں گے یا بعد میں؟ جس پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’بھائی جب بھی بلائیں گے میں آؤں گا۔‘

ایک صارف نے کہا کہ ’سر ’جوان‘ کے باکس آفس کلیکشن کے بعد مجھے احساس ہوا کہ ایک ہزار کروڑ میں 10 زیرو ہوتے ہیں۔‘

اس پر شاہ رخ نے کہا کہ ’یار اب مجھے یہ زیرو، زیرو یاد نہ کراؤ۔‘ یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ باکس آفس پر فلاپ رہی تھی۔

شاہ رخ کی اگلی فلم ’ڈنکی‘ سال کے آخر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز ہو گی۔

فلم ’ڈنکی‘ کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی نے بھی بدھ کو شاہ رخ کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’سر جی، باتھ روم سے باہر آئیں، آپ کیا کر رہے ہیں؟ ٹریلر دکھانا ہے۔‘

اس پر شاہ رخ نے جواب دیا کہ ’میں آ رہا ہوں سر۔ دوستوں سے باتیں کر رہا تھا۔ دوستو اب مجھے جانا ہے ورنہ یہ مجھے نکال دیں گے۔ وقت دینے کا شکریہ۔ جلد ہی تھیٹرز میں ملیں گے۔‘

ویراٹ کوہلی اور شاہ رخ کے درمیان تعلقاتGetty Images

شاہ رخ خان اور ویراٹ کوہلی کے درمیان دہلی کا تعلق ہے۔ شاہ رخ اور ویراٹ دونوں ہی دہلی سے ہیں۔

انوشکا شرما نے بھی دہلی کے بارے میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ میں دہلی سے ہوں۔ یہ شاید اس لیے ہے کہ میری فلم ’بینڈ باجا بارات‘ میں، میں نے دہلی کی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، لوگ سمجھتے تھے کہ میں جنک پوری، مغربی دہلی کی لڑکی ہوں۔

ویسے ویراٹ کوہلی کا بچپن مغربی دہلی میں گزرا ہے۔

کوہلی، انوشکا اور شاہ رخ کے درمیان قربت پہلے بھی کئی مواقع پر دیکھی جا چکی ہے۔

شاہ رخ کی فلم پٹھان رواں سال 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی۔ ریلیز کے کافی بعد جب آئی پی ایل ٹورنامنٹ ہوا تو کوہلی کو میدان میں گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

کوہلی کا تعلق آئی پی ایل کی رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم سے ہے اور شاہ رخ کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے مالک ہیں۔

آئی پی ایل میچ کے بعد بھی اپریل میں شاہ رخ کی کوہلی کو پیار کرتے ہوئے ایک تصویر بہت شیئر کی گئی تھی۔

Getty Imagesانوشکا کا شاہ رخ کے بارے میں کیا کہنا ہے؟

انوشکا شرما اور شاہ رخ کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے بارے میں اکثر بات کرتے رہے ہیں۔

کچھ سال قبل ہدایت کار ساجد خان نے ایک شو کے دوران شاہ رخ کی موجودگی میں انوشکا سے پوچھا تھا کہ آپ شاہ رخ سے کون سی چیز چرانا پسند کریں گی؟

انوشکا نے جواب دیا کہ بہت سی چیزیں ہیں۔ میں شاہ رخ کی گھڑیوں کی کلیکشن چرا کر بیچوں گی۔ میں منّت (شاہ رخ کا گھر) بھی چرا لوں گی۔

اس پر شاہ رخ نے کہا تھا کہ میری وینٹی وین کو چھوڑ دو، ورنہ میں کہاں رہوں گا۔‘

https://twitter.com/YaaronKiBaraat/status/797051043976650752

ایک انٹرویو میں انوشکا شرما نے شاہ رخ کے بارے میں کہا تھا کہ ’شاہ رخ ایک ایسے شخص ہیں جو میری زندگی میں بہت اہم ہے۔ وہ میری پہلی فلم سے ہی مجھ پر بہت مہربان ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ شاہ رخ بھی ایک شخص کے طور پر بہت بدل چکے ہیں۔ شاہ رخ کے ساتھ میرے تعلقات میں کافی تبدیلی آئی کیونکہ میں اب ان سے بات کرنے میں زیادہ آرام دہ ہوں۔‘

شاہ رخ کے ساتھ اپنے ڈیبیو کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے انوشکا کہتی کا کہنا تھا کہ ’شروع میں، میں شاہ رخ سے بات کرنے سے ڈرتی تھی۔ میں جس بارے میں بات کرنا چاہتی تھی، سمجھتی تھی کہ یہ ایک فضول بات ہے لیکن اب ایسا نہیں۔‘

شاہ رخ اور انوشکا نے سنہ 2017 میں فلم ’جب ہیری میٹ سجل‘ کی تشہیر کے دوران العربیہ کو ایک انٹرویو دیا تھا۔

شاہ رخ نے کہا تھا کہ ’انوشکا بہت بری ہیں۔ ہمیشہ وقت پر آتی ہے۔ اگر وقت نو بجے ہوتا تو انوشکا 8.45 پر موجود ہوتی ہے۔ یہ کون کرتا ہے؟ جب ہم نے پہلی فلم ایک ساتھ کی تو میں نے سوچا کہ وہ نئی اور پرجوش ہیں لیکن اب تو یہ انڈسٹری میں پرانی ہو چکی ہیں اورپھر بھی وقت پر آتی ہیں۔ یہ بہت برا لگتا ہے۔‘

اس پر انوشکا ہنس پڑیں اورکہا کہ ’یہ کیا بکواس ہے۔‘

انوشکا شرما نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میں لوگوں سے زیادہ بات نہیں کرتی لیکن شاہ رخ ایک ایسے شخص ہیں جو آپ کو جج نہیں کرتے۔

اس کے بعد شاہ رخ نے یہ بھی کہا کہ میں اور انوشکا نے کبھی بیٹھ کر دوستی نہیں کی۔ ایسا نہیں تھا کہ ہم گیجٹس پر دوست بن گئے تھے یا کوئی چیز مشترک تھی۔ دراصل، مجھے یہ پسند ہے کہ ہم ایک دوسرے کا زیادہ احترام کرتے ہیں۔ انوشکا کبھی بھی رازداری میں مداخلت نہیں کرتی۔ میں خود ایسا نہیں ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ جب ہم بات شروع کرتے ہیں تو ہم بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں۔

Getty Imagesشاہ رخ اور انوشکا نے ایک ساتھ کون سی فلمیں کی ہیں؟

انوشکا شرما نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2008 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ سے کیا۔

شاہ رخ اور انوشکا اب تک ایک ساتھ چار فلمیں جب تک ہے جاں، جب ہیری میٹ سجل، زیرو، رب نے بنا دی جوڑی کر چکے ہیں۔

اگر زیرو اور ہیری میٹ سجل کو چھوڑ دیں تو ان دونوں کی باقی دونوں فلمیں باکس آفس پر ہٹ ہوئیں تھی۔

Getty Images’پٹھان‘ کے بعد ’جوان‘ کی بھی باکس آفس پر خوب کمائی

شاہ رخ کی فلم ’جوان‘ نے دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔ فلم ’جوان‘ نے ریلیز کے 20 دن میں کمائی کا یہ ریکارڈ بنا لیا۔

اس سال کے شروع میں کنگ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے بھی دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

شاہ رخ کی 2023 کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ بھی سال کے آخر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فلم بھی اچھی کمائی کر سکتی ہے۔

’پٹھان‘ سے پہلے شاہ رخ کی گذشتہ چار سال میں کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی۔ چار سال سے فلم ریلیز نہ ہونے پر شاہ رخ خود اپنا مذاق اڑاتے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More