ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کا میچ آج بھی بارش کی نذر ہوگیا تو کیا ہو گا؟

اردو نیوز  |  Sep 11, 2023

 ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پاکستان اور انڈیا کا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد آج پیر کو ایک مرتبہ پھر سے ریزرو ڈے یعنی اضافی دن پر میچ خراب موسم کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

اتوار کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے 24.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے تاہم میچ میں بارش نے رکاوٹ ڈال دی جس کے باعث اتوار کو یہ مقابلہ جاری نہیں رہا سکا۔

اگر کولمبو کے آج کے موسم کی بات کی جائے تو شائقینِ کرکٹ کے لیے خبر کوئی اچھی نہیں ہے کیونکہ میچ کے بارش سے متاثر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

موسم کی خبروں کی ویب سائٹ ’ایکیو ویدر‘ کے مطابق پیر کی دوپہر میں کولمبو پر بادل چھائے رہیں گے جبک دن کے وقت چھ گھٹنے بارش ہونے کا امکان ہے۔

اسی طرح رات کے وقت کولمبو میں دو گھنٹے بارش برسنے کا امکان ہے جبکہ آسمان بادلوں سے بھرا رہے گا۔

دوسری جانب ویب سائٹ ’ویدر ڈاٹ کام‘ کے مطابق کولمبو میں پیر کو دوپہر دو بجے بارش ہونے کے 90 فیصد امکانات ہیں جبکہ شام کے بعد بارش ہونے کے 80 فیصد امکانات ہیں۔

یہاں ایک بات یاد رہے کہ اگر دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ بارش کے بعد منسوخ ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے تین جبکہ انڈیا کا ایک پوائنٹ ہوگا۔

خیال رہے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ پیر کو ریزرو ڈے پر پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

اس سے قبل دو ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان پالیکیلے میں کھیلا گیا ایشیا کپ کا گروپ میچ بھی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More