سری لنکا میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سپر فور مرحلے کا میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا ہے۔اتوار کو کولمبو میں جاری میچ میں انڈین ٹیم نے بارش پہلے تک 24.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔انڈیا کی پہلی وکٹ کپتان روہت شرما کی گری جو 56 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد دوسرے اوپنر سبھمن گِل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 58 رن بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔اس سے قبل ایشیا کپ کے کولمبو میں کھیلے جا رہے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو کھیلنے کی دعوت دی۔ اتوار کو کولمبو میں انڈیا کی ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ سے پہلے کے ایل راہل اور جسپرت بمراہ کی تیاری کا امتحان لے رہی ہے۔بارش، میچز کے شیڈول کی تبدیلی میں رکاوٹیں اور کھیل کے لیے مناسب موسمی حالات میں اچانک تبدیلی نے 2023 کے ایشیا کپ کو افراتفری کا شکار کیا ہے۔پاکستان میں انڈین ٹیم کے کھیلنے کے لیے نہ آنے کے بعد ٹورنامنٹ کے کچھ میچز سری لنکا منتقل کیے گئے۔پالیکیلے میں بارش سے انڈیا اور پاکستان جیسے روایتی حریفوں کے مابین کھیلا گیا پہلا میچ مکمل نہ ہو سکا اور اب اس میچ پر بھی غیریقینی موسم کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔اتوار کو سُپر فور مرحلے کا یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہے مگر موسم کے بدلتے رہنے کا بدستور خطرہ ہے۔ کولمبو میں یہ ایک اور ابرآلود دن ہے۔موسمیات کے محکمے کے مطابق کولمبو میں بارش کا امکان 90 فیصد تک ہے۔ فائنل کے علاوہ یہ دوسرا میچ ہے جس کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے مگر اتوار کو میچ مکمل نہ ہوا تو پیر کو بھی موسم کی پیش گوئی کچھ زیادہ خوش کُن نہیں کہ شہر پر کالے بادل چھائے رہیں گے۔نیپال کے خلاف بھی انڈیا کا میچ بارش سے متاثر ہوا۔پالیکیلے میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 266 رنز بنائے تھے تاہم بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہ ہوسکی تھی۔