کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم کے ڈریسنگ رُوم میں آگ لگ گئی

اردو نیوز  |  Aug 11, 2023

انڈیا کے شہر کولکتہ میں واقع تاریخی ایڈن گارڈنز سٹیڈیم کے ڈریسنگ رُوم میں آگ لگ گئی۔

وِزڈن انڈیا کے مطابق رواں برس انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ایڈن گارڈنز سٹیڈیم کو تیار کیا جا رہا تھا کہ وہاں شارٹ سرکٹ کے باعث ڈریسنگ رُوم میں آگ بھڑک اٹھی۔

آگ لگنے کے بعد کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کی ٹیم اور مقامی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر سٹیڈیم پہنچا جہاں آگ کو بجھا دیا گیا۔

ریاست بنگال کی ڈومیسٹک ٹیم کے کھلاڑی اس سٹیڈیم میں پریکٹس کر رہے ہیں تاہم بدھ کے روز جب آگ لگی تب بنگال کی ڈومیسٹک ٹیم اُس سے قبل سٹیڈیم سے روانہ ہو چکی تھی۔ آگ کی وجہ سے ڈریسنگ رُوم میں موجود تولیے جل گئے ہیں۔

دوسری جانب سی اے بی حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے پر کسی قسم کی تشویش کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور ورلڈ کپ کی تیاریاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

اکتوبر اور نومبر میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ایڈن گارڈنز کے تاریخی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر پانچ  میچز کھیلے جائیں گے۔

ایڈن گارڈنز میں میگا ایونٹ کے چار لیگ میچز جبکہ ایک سیمی فائنل ہوگا۔

اس سٹیڈیم میں پہلا میچ 28 اکتوبر کو بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کے درمیان ہوگا، اس کے بعد دوسرا میچ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

کولکتہ شہر ورلڈ کپ میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کی میزبانی پانچ نومبر کو کرے گا جبکہ اس سٹیڈیم میں لیگ راؤنڈ کا آخری میچ پاکستان اور انگلیںڈ کے درمیان 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو ایڈن گارڈنز میں شیڈول ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More