ایشین چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان اور انڈیا کے درمیان اہم میچ آج کھیلا جائے گا

اردو نیوز  |  Aug 09, 2023

انڈیا میں جاری ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان اہم مقابلہ آج ہوگا۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشین چیمپیئنز ٹرافی کا میچ بدھ کی شام پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجے میئر رادھا کرشنن سٹیڈیم چنئی میں کھیلا جائے گا۔

ایشین چیمیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا نہایت اہم ہے۔

تاہم اگر پاکستان کو اس میچ میں شکست ہوتی ہے اور جاپان چین کو ہرا دیتا ہے تو گرین شرٹس ایونٹ سے ناک آؤٹ ہو جائیں گے۔

اگر ایونٹ میں اب تک پاکستان کے میچز کی بات کی جائے تو اس میں گرین شرٹس کو اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست ہوئی۔

اس کے بعد پاکستان کا ایونٹ میں دوسرا میچ کوریا کے خلاف ایک ایک گول سے برابر رہا۔

گرین شرٹس کا ایونٹ میں تیسرا میچ جاپان کے خلاف تھا جو کہ تین تین گولوں سے برابر رہا جبکہ اپنے چوتھے میچ میں پاکستان نے چین کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی۔

اسی طرح اگر ٹورنامنٹ میں انڈیا کے سفر کی بات جائے تو میزبان ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں چین کو دو کے مقابلے میں سات گولوں سے شکست دی۔

ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں انڈیا کا سامنا جاپان سے ہوا جو کہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

اسی طرح انڈیا اور ملائیشیا کے درمیان میچ میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو صفر کے مقابلے میں پانچ گولوں سے ہرا دیا۔

ایونٹ میں اپنے چوتھے میچ میں انڈیا نے کوریا کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو اُس میں پاکستان ایک میچ میں جیت، ایک میں شکست اور دو میچز ڈرا ہونے کے بعد چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ انڈیا تین میچز میں جیت اور ایک میچ ڈرا ہونے کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

اسی طرح ملائیشیا اور کوریا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

خیال رہے پاکستان اور انڈیا تین تین مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کر چکی ہیں جبکہ رواں برس ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں کوریا اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More