ورلڈ کپ: احمدآباد میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کی تاریخ تبدیل ہوگی؟

اردو نیوز  |  Jul 27, 2023

رواں برس انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان اہم ترین میچ کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 15 اکتوبر بروز اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے، تاہم اسے مذہبی تہوار ’نوراتری‘ کے باعث میچ 14 اکتوبر بروز سنیچر کو کرائے جانے کا امکان ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرا ’نوراتری‘ کے تہوار کے پہلے روز شیڈول کیا ہوا ہے۔ اس روز ریاست گجرات میں گاربا نائٹ منائی جائے گی جس کے باعث سکیورٹی ایجنسیوں نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے درخواست کی ہے کہ وہ میچ کی تاریخ کو تبدیل کر دیں۔

اگر پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کی تاریخ تبدیل ہوتی ہے تو مالی معاملات سمیت اُن مداحوں کے لیے یہ بری خبر ہو سکتی ہے جنہوں نے ایڈوانس میں ٹکٹوں کی بکنگ کروائی ہوئی ہے جبکہ اس کے ساتھ براڈکاسٹرز کو ٹی آر پی کے مسائل بھی درپیش ہو سکتے ہیں۔

بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ’ہم دیگر آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور اس بارے میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ہمیں سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا جیسے ہائی پروفائل میچ کے لیے ہزاروں کی تعداد میں مداح آئیں گے، انہیں نوراتری کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

گذشتہ ماہ جب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا تو اس میں فائنل سمیت چار میچز احمد آباد کو دیے گئے تھے جن میں انگلیںڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا پہلا میچ، پاکستان اور انڈیا اور آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ شامل ہے۔

احمد آباد سے آنے والی خبروں کے مطابق 15 اکتوبر کے میچ کے لیے مداحوں نے ہوٹل پہلے سے بُک کیے ہیں جبکہ اس کے علاوہ فضائی سفر کے کرائے بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے جن شہروں میں ورلڈ کپ کے میچز شیڈول ہیں انکی ایسوسی ایشنز کی میٹنگ 27 جولائی کو دارالحکومت نئی دہلی میں طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں بورڈ احمد آباد میں سکیورٹی خدشات کا جائزہ لے گا اور میچ کے لیے نئی تاریخ  پر غور کیا جائے گا۔

خیال رہے رواں برس انڈیا میں کرکٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا جس کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More