بولرز اور بیٹرز کی عمدہ پرفارمنس: کولمبو ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام

اردو نیوز  |  Jul 24, 2023

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے ہیں۔

پیر کو جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 21 رنز درکار تھے۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 74 جبکہ کپتان بابر اعظم آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شان مسعود اور امام الحق ہیں جو کہ بالترتیب 51 اور 6 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے آشیتھا فرنیںڈو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کو اننگز کے آغاز ہی میں امام الحق کی صورت میں پہلا جھٹکا لگا جب وہ چھ کے انفرادی سکور پر آشیتھا فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گنوانے کے بعد گرین شرٹس نے نہایت پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

دوسری وکٹ کے لیے عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے 117 گیندوں پر 108 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس شراکت داری کے باعث میزبان ٹیم کے ہاتھ سے میچ نکلتا ہی جا رہا تھا کہ 121 کے مجموعی سکور پر شان مسعود آشیتھا فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اب تک پانچ کے رن ریٹ سے سکور کیا ہے۔

اس سے قبل کولمبو میں پیر کے روز سے کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

پہلی اننگز میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی 

اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 48.4 اوورز میں ہی 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی جانب  سے دھننجایا ڈی سلوا نے 57، دنیش چندی مَل نے 34 اور رمیش مینڈس نے 27 سکور بنائے۔

گرین شرٹس کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے ابرار احمد نے چار، نسیم شاہ نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اگر سری لنکا کی پہلی اننگز کی بات کی جائے تو انہیں پہلا نقصان نشان مدُھوشکا کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 9 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گری جب کوشل مینڈس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیںآئی سی سی کی نئی رینکنگ، بابر اعظم ٹیسٹ میں تیسرے نمبر پر آگئےNode ID: 779401گال ٹیسٹ میں چیلنج کے لیے تیار ہیں: بابر اعظمNode ID: 779846’شرمناک حرکت‘، آئی سی سی ورلڈ کپ پرومو میں بابر اعظم کیوں نہیں؟Node ID: 781161پاکستان کو تیسری کامیابی 35 رنز پر ملی جب انجیلیو میتھیوز نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

سری لنکا نے اپنی چوتھی وکٹ کپتان دیمُتھ کرونارتنے کی صورت میں گنوائی جب وہ 17 کے انفرادی سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پانچویں وکٹ کے لیے دھننجایا ڈی سلوا اور دنیش چندی مَل نے 85 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد چندی مل ٹیم کے 121 سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اُن کے بعد آنے والے بیٹر وکٹ کیپر سدیرا سمارا وِکاراما تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ابرار احمد کا شکار بن گئے۔

سری لنکا کو ساتواں نقصان دھننجایا ڈی سلوا کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 57 کے انفرادی سکور پر ابرار احمد کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آئی لینڈرز کے آٹھویں آؤٹ ہونے کھلاڑی پرباتھ جے سوریا تھے جو کہ 136 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ اُن کے بعد آشیتھا فرنیںڈو بھی آٹھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رمیش مینڈس تھے جو ابرار احمد کی گیند پر 27 کے انفرادی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئے۔

واضح رہے پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More