کرکٹ ورلڈ کپ کے اشتہار میں شاہ رخ کا ٹرافی کے ساتھ ’رومانس‘ مگر آئی سی سی ’بابر کو بھول گیا‘

بی بی سی اردو  |  Jul 21, 2023

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رُخ خان کا ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھ رومانس جبکہ وکٹ لینے کے بعد شاہین آفریدی کا اپنے مخصوص انداز میں جشن۔۔۔ یہ دونوں چیزیں رواں برس ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بنائی گئی تشہیری ویڈیو میں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

انڈیا کی میزبانی میں یہ ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے شروع ہو گا مگر اس کے حوالے سے جوش، جذبہ اور انتقام جیسے جذبات ابھی سے ابھرنے لگے ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ جہاں بعض فینز کو ’اِٹ ٹیکس ون ڈے‘ نامی یہ تشہیری فلم بہت پسند آئی ہے وہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اس میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی سے خوش نہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس میں زیادہ توجہ انڈیا اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو دی گئی ہے۔

جیسے کئی پاکستانی فینز نے یہ اعتراض اٹھایا ہے کہ اس اشتہار میں ون ڈے فارمیٹ کے عالمی نمبر ون بلے باز بابر اعظم کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔

تو آخر اس ایڈ میں ایسا کیا ہے، اسے کیوں اور کس نے بنایا ہے؟

ورلڈ کپ کی تشہیری فلم میں ’نو جذبات کی عکاسی‘

دراصل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے رواں سال ورلڈ کپ کے لیے ایک نئی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔

اس کے تحت ایک روزہ کرکٹ کے عالمی مقابلے پر ایک تشہیری فلم بنائی گئی ہے جس کا عنوان ’اِٹ ٹیکس ون ڈے‘ ہے، یعنی ایک دن میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

اس اشہار کا آغاز گذشتہ ورلڈ کپ کے فاتح کپتان اوین مورگن سے ہوتا ہے اور انڈیا کے سابق بلے باز یووراج سنگھ کو جیت کا جشن مناتے دیکھا جاتا ہے۔ پھر ویرات کوہلی کی فیلڈنگ کی جھلک کے بعد سچن تندولکر کی پُل شاٹ دکھائی جاتی ہے۔

ایک لمحے پر وہاب ریاض خاصے پریشان نظر آتے ہیں مگر پھر بظاہر ایک انڈین شخص مایوس پاکستانی فین کو حوصلہ دیتا ہے۔

روہت شرما شاداب کو چھکا لگاتے ہیں اور شاہین وکٹ لینے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن مناتے ہیں۔ اس اشتہار کا اختتام دھونی کے چھکے اور پھر شبھمن گل پر ہوتا ہے۔

اس مہم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہندومت کی روایت ’نواراسا‘ کے نو جذبات کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ میچ کے دوران کرکٹرز اور شائقین نو طرح کے مختلف جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ تو یہ نو جذبات کون سے ہیں؟

آئی سی سی کی پریس ریلیز کے مطابق اس اشتہار میں جن نو جذبات کی عکاسی کی گئی ہے ان میں تکلیف، بہادری، عظمت، خوشی، جذبہ، طاقت، فخر، احترام اور حیرانی ہیں۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’جذبات کے اس رولر کوسٹر کا تجربہ کرنے کے لیے صرف ایک دن درکار ہوتا ہے۔‘

اس اشتہار میں بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کے علاوہ معروف کھلاڑی جے پی ڈومینی، شبھمن گل، دنیش کارتک، موجودہ ورلڈ کپ فاتح اوین مورگن، متایا مُرلیدھرن، جونٹی روڈز اور دیگر شامل ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس اشتہاد میں مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے تاریخی لمحات کو شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے سربراہ جیوف الاردیس نے اس کی رونمائی کے موقع پر کہا ہے کہ ’کرکٹ اور سنیما انڈیا کے دل میں بستے ہیں اور اس لیے ہم نے دونوں کا امتزاج پیش کیا ہے۔ بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان اور کرکٹرز کی اس لائن اپ کے ساتھ ہمارا اس ملک سے تعلق مزید گہرا ہو گا جس سے ہم دنیا بھر کی توجہ بھی حاصل کر سکیں گے۔‘

ادھر بی سی سی آئی کے سربراہ جے شاہ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اس کھیل کی عظمت، ثقافتی تنوع اور اتحاد کی قوت کا جشن ہو گا۔

https://twitter.com/Sandhya_sndy225/status/1681753948334751744

شاہ رخ کا ٹرافی کے ساتھ رومانس، پاکستانی و افغان فینز کا شکوہ

اگر بات اس تشہیری فلم پر آنے والے ردعمل پر کی جائے تو فینز کی ایک بڑی تعداد اس میں شاہ رُخ خان کو ٹرافی کے ساتھ ’رومانس‘ کرتا دیکھ کافی خوش ہے۔

شاہ رخ کی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ تصویر پر سندھیہ نامی صارف نے کہا کہ اداکارہ انوشکا شرما نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’شاہ رخ ایک مائیک کے ساتھ بھی رومانس کر سکتے ہیں۔ وہ اس مائیک کو اسی محبت کی نگاہ سے دیکھ سکتے ہیں جیسے وہ دنیا کی سب سے خوبصورت خاتون ہو۔‘

سنکت راج پٹیل نے تبصرہ کیا کہ ’کوئی کیسے ٹرافی کو دیکھنا اتنا رومینٹک بنا سکتا ہے؟ اس تصویر میں بہت زیادہ کمسٹری ہے۔‘

https://twitter.com/aamnaisani/status/1681969388675825664

دریں اثنا پاکستانی فینز کی ایک بڑی تعداد نے اس تشہیری فلم کو اس لیے پسند نہیں کیا کیونکہ اس میں ملک کے کرکٹرز بشمول کپتان بابر اعظم کو دکھایا نہیں گیا۔

جبران نامی ایک صارف نے اس ویڈیو کا مکمل تجزیہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس میں پاکستان میں ذکر سات بار آتا ہے: ’پتلے نے جرسی پہن رکھی ہے، وہاب ریاض پریشان ہیں، شاداب کی دو بار پٹائی ہوتی ہے، عامر بولڈ ہو جاتے ہیں، شاہین جشن مناتے ہیں، ایک پاکستانی فین پریشان ہے، انضمام رن آؤٹ ہوتے ہیں۔‘

https://twitter.com/jibransiddiqui/status/1681934418838163456

وہ کہتے ہیں کہ ’میں سمجھ سکتا ہوں کہ یہ ویڈیو میزبان ملک نے بنائی ہے مگر اشتہار آئی سی سی کے لیے ہوتا ہے۔‘

مہر تارڑ نے لکھا کہ یہ عمدہ اشتہار ہے مگر اس میں پاکستانی پرچم کو جان بوجھ کر حذف کیا گیا۔

پاکستانی اداکارہ ماورا خان نے کہا کہ ’نہ جانے کتنی بار ہم سے ایسا برتاؤ کیا جائے مگر ہم تمام رکاوٹیں عبور کر کے دوبارہ سب سے اوپر پہنچ جاتے ہیں۔‘

https://twitter.com/GeorgeDobell1/status/1682011716421337088

اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کرکٹ تجزیہ کار جارج ڈوبیل نے کہا کہ اس میں انڈیا اور انگلینڈ کا کافی زیادہ ذکر ہے جبکہ پاکستان کو کم دکھایا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز اس بار ورلڈ کپ کا حصہ نہیں مگر اس کے باوجود اس کے کھلاڑیوں کو دکھایا گیا ہے۔ ’کرکٹ کی دنیا بہتر کی مستحق ہے۔‘

آمنہ انصاری بھی آئی سی سی سے پوچھتی ہیں کہ ’بابر کو بھول گئے؟ چلو ہم تاریخ لکھنے میں میچز کے دوران آپ کی مدد کریں گے۔۔۔‘ خیال رہے کہ بابر اعظم اس وقت ون ڈے میں بلے بازوں کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔

کشف نے تبصرہ کیا کہ ’یہ اشتہار اس سوچ کے ساتھ بنایا گیا کہ ٹرافی تو انڈیا کی ہے، باقی ٹیمیں مہمان ہیں اور پاکستان کھیل ہی نہیں رہا۔‘

پاکستان کے علاوہ بعض دیگر ٹیموں کے فینز نے بھی اس ویڈیو پر اعتراض کیا۔ بشیر غروال پوچھتے ہیں کہ ’کیا یہ ورلڈ کپ کا پرومو ہے؟ افغانستان وہ ٹیم ہے جس نے براہ راست کوالیفائی کیا مگر اسے دو منٹ کی ویڈیو میں ایک سیکنڈ کے لیے بھی نہ دکھایا گیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More